الجامعۃ الاسلامیۃ عین العلوم پپری ضلع سدھارتھ نگر میں جلسہ دستار بندی
پپری، سدھارتھ نگر (محمد رضوان ندوی) : مسلم معاشرہ ہر قسم کی برائی میں ملوث ہے ہر فرد بشر اصلاح کی فکر کرے، قرآنی تعلیمات کو عام کریں،گھر گھر تلاوت کا ماحول بنائیں، تلاوت سے دوری ہلاکت اور بربادی کا باعث ہے، بگڑے ہوئے ماحول میں خدائے واحد کا سب سے پہلا پیغام اقراء ،محمد عربی صلی اللہ علیہ وسلم کا تعلیم کیلئے دار ارقم اور صفہ چبوترے کا قیام تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے، معاشرہ کی اصلاح تعلیم سے ہی ممکن ہے، ان خیالات کا اظہار مولانا محمد اسجد قاسمی ندوی نے الجامعۃ الاسلامیۃ عین العلوم پپری ضلع سدھارتھ نگر میں جلسہ دستار بندی کو خطاب کرتے ہوئے کیا.
مولانا نے کہا کہ اچھے ماحول میں اپنے بچوں اور بچیوں کیلئے بہتر تعلیم کا انتظام ،اور ان کے ایمان کی فکر کریں، ارتداد کے اسباب سے حد درجہ دوری کی کوشش جاری رہے،
والدین اپنے بچوں کی تئیں فکر مند ہوں اور اپنی ذمہ داریوں کو سمجھیں۔ اعلی اخلاق کا نمونہ و مثال بنیں، اچھا کردار اختیار کریں، بد اخلاقی و بدتمیزی ، بے حیائی و بے غیرتی سے دوری اختیار کریں، جرات ،ہمت اور شجاعت پیدا کرنے کی تلقین کی.
مولانا منیر احمد ندوی مہتمم مدرسہ عربیہ تعلیم القرآن سمریاواں سنت کبیر نگر یوپی نے کہا کہ نوجوان اپنے آپ کو برائی،نشہ آور اشیاء اور ضیاع وقت سے بچائیں، دنیاوی زندگی فانی ہے اور اُخروی زندگی باقی ہے، ہمیشہ باقی رہنے والی جنت کے حصول کی کوشش کریں. اس موقع پر ماہنامہ البلاغ کے ایڈیٹر مولانا ابو الکلام ندوی، مولانا منصور احمد مظاہری بنکے گاؤں، مولانا شریف احمد ندوی، اسعد بستوی سمیت کثیر تعداد میں شرکاء اور سامعین موجود تھے.
