بیدرسے مرحوم کے دوست ،علمائے کرام اور صحافیوں کی شرکت
بیدر۔ 10؍مارچ (محمدیوسف رحیم بیدری کی رپورٹ): کل بروز ہفتہ نماز عصر کی ادائیگی کے ساتھ بیدرضلع ، ہمناآبادتعلقہ کے اوتگی دیہات میں کانگریسی قائد اور سابق نائب صدر بلدیہ جناب قیصررحمن مرحوم کے نام سے تعمیر شدہ مسجد کاشاندار پیمانے پر افتتاح عمل میں آیا۔ مولانا نعیم الدین اشاعتی نے نماز عصرکی امامت کی اور اسی کے ساتھ جلسہ کااہتمام عمل میں آیا۔جس سے خطاب کرتے ہوئے سید منصوراحمدقادری رکن ریاستی حج کمیٹی بیدر نے کہاکہ اللہ کے رسول  ﷺ نے فرمایا جو لوگ مساجد کی تعمیر کرتے ہیں ، ان کے لئے جنت میں وسیع وعریض مکان تیار ملتاہے۔ انھوں نے کہاکہ جناب قیصر رحمن بیدرکے قدآور قائد تھے۔ امت کے وقار کو بڑھانے اور اس میں حوصلہ پید اکرنے کی جستجو وہ کیاکرتے تھے۔ انھوں نے پروقار انداز میں قیادت کی تھی۔ ان کے ہونہار داماد جناب محمد فیروزخان اورقیصررحمن مرحوم کے نواسے افسرخان نے نانا کے نام کی اس مسجد کی تعمیرمیں اہم رول اداکیاہے۔ مرحوم قائد کو اللہ تعالیٰ جوارِ رحمت میں جگہ دے اوران کے وارثین اور حامیوں کی ہر موڑ پر امداد فرمائے۔ آمین۔
جناب نعیم الدین اشاعتی امام وخطیب جامع مسجد کملاپورنے اپنے بیان میں اوتگی دیہات کی صورتحال اور وہاں کی دوعددمساجد کی انتظام وانصرام سے متعلق ہلکا ساخاکہ پیش کیا۔ اور اوتگی کے بارے میں بتایاکہ یہاں سے اب تک 23بچوں نے حفظ اور عا  لمیت کے علاوہ مفتی بنے ہیں اور مختلف مقامات پر اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ اللہ سے دعا ہے کہ ان تمام عالم کو موت تک صحیح عمل کی توفیق عطافرمائے۔ اس موقع پر جناب شکیل پٹیل نے تقریب کے داعی محمد فیروزخان اور ان کے فرزندان کی شالپوشی اور گلپوشی کی ۔ جب کہ مسجد قیصر رحمن کمیٹی کی جانب سے بیدر سے آنے والے تمام مہمانوں خصوصاً مرحوم قیصر رحمن کے بڑے داماد شیخ علیم صاحب ، مرحوم کے دوستوں جناب سید منیرالدین ، جناب عبدالکریم ، جناب ذاکرپاشاہ ، جناب اقبال الدین کشنوری اور جناب حامد بیگ (میکانک) کے علاوہ مولانا محمد مونس کرمانی ،سید منصوراحمدقادری ،جناب نثارپہلوان نائب صدر عیدگاہ بیدر ، محمد فراست علی ایڈوکیٹ ، جناب انصار بیگ ، محمد ابراھیم سابق صدر مدرس ، اردوصحافیوں میں جناب محمد یوسف رحیم بیدری ،جناب محمدامین نواز،جناب محمد عبدالصمد منجووالاکے علاوہ  جناب شیخ مسیح الدین سابق کوچ سرکاری ملازمین ، جناب اعظم خان کونسلر ، کی شالپوشی اور گلپوشی کی گئی ۔ جب کہ تقریب کے داعی جناب محمد فیروزخان مالک ایف کے پٹرول پمپ بیدر نے مسجد کمیٹی قیصرر حمن کے عہدیداران اور اراکین جناب عبدالرشید، جناب حسن پٹیل ، جناب منظورعلی ، ڈاکٹر مصباح ، ریاض ٹیلر، دستگیرپٹیل، مؤذن شکیل بھائی، جعفر ڈرائیور، جانی پٹیل ، مصلح الدین وغیرہ کی شالپوشی اورگلپوشی کی ۔ اوتگی دیہات والوں کی جانب سے حج کمیٹی کے رکن منتخب ہونے پر جناب سید منصوراحمد قادری کی گلپوشی اور شالپوشی کی ۔شیرینی کی تقسیم بھی عمل میں آئی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جناب محمد فیروزخان نے کہاکہ اباجان قیصر رحمن صاحب کے نام سے اس مسجد کی تعمیراللہ کے فضل سے عمل میں آئی ہے۔ جس کے افتتاح کے موقع پر اباجان کے ساتھی ، انہیں چاہنے والے اور سبھی لوگ اپناقیمتی وقت نکال کریہاں تشریف لائے ہیں۔علمائے دین ، اور دیگرتمام کا شکریہ اداکرتاہوں۔ یہ کام گاؤں والوں اور آپ سب کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں تھا۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے عمل میں آیا۔
حمد باری تعالیٰ حافظ محمد مستان اشاعتی اور نعت شریف حافظ سبحان (حیدرآباد)نے پیش کی اور سماں باندھ دیا۔ جبکہ تقریب کا خصوصی خطاب بعنوان ’’تحفظ مساجد اور ہماری ذمہ داریاں‘‘ بعدنماز مغرب  مولانا مفتی عبدا  لصبورقاسمی صدر مجلس تحفظ ختم نبوت ظہیرآبادنے دیااور کہاکہ نبی کریم  ﷺ کا اسوہ بتاتاہے کہ آبادی میں مسجد ضروری ہے۔ اگر مسجد نہ ہوتو آبادی زندہ نہیں مردہ تصور کی جائے گی۔ آپ  ﷺ نے جس وقت مکہ سے مدینہ ہجرت کی اور مدینہ پہنچے تو وہاں سب سے پہلے مسجد قباکی تعمیر کی ۔ مولانا نے مسجد کا انتظام وانصرام اچھے پیمانے پرکرنے کی تلقین کی اور کہاکہ ملک کے حالات مسلمانوں کے لئے تنگ سے تنگ تر کردئے جارہے ہیں۔ ملک کی مختلف ریاستوں میں نماز یوں اورمساجد پر جو ظلم وستم ہورہاہے اس کودیکھتے ہوئے ہم اپنی اپنی مساجد سے وابستہ رہیں۔ نمازیں پڑھیں ، اپنے رب سے توبہ کریں ۔ نمازعشاء سے قبل مولانا مفتی عبدالصبور قاسمی ہی کی دعا پر جلسہ اپنے اختتام کو پہنچا۔
جناب قیصررحمن مرحوم کے فرزندان، پوتے اور دیگر رشتہ دار موجودتھے۔ بعدتقریب مہمانوں اور پورے گاؤں کے لئے طعام کااہتمام کیاگیاتھا۔
مسجد قیصر رحمن میں بیک وقت 150افراد نماز پڑھ سکتے ہیں۔وضوگاہوں اور بیت الخلاء کا معقول انتظام دیکھنے کوملا۔ واضح رہے کہ مسجد کے افتتاح کااعلان اخبارات میں شائع ہواتھا لیکن افسوس کہ کانگریس پارٹی کے مسلم عہدیداران میں سے کوئی اس تقریب میں شریک نہیں ہوا۔ جو لوگ بید رسے ایم پی ٹکٹ طلب کرنے میں پیش پیش ہیں ان میں سے بھی کسی کے شریک ہونے کی تاحال اطلاع نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے