سیلف اسٹڈی سے تھرڈ اٹیمپٹ میں لہرایا کامیابی کا پرچم، باپ کسان ہیں اور ماں ہاؤس وائف۔
سدھارتھ نگر: ہر زمانے میں ہر قوم نے تعلیم کی اہمیت کو مانا ہے اور ترقی کا اسے زینہ بھی تسلیم کیا گیا ہے۔ آج بطور خاص تعلیم کی اہمیت بہت زیادہ ہے اور اب یہ شدید ضرورت بن چکی ہے۔ تعلیم سے ہی ترقی ممکن ہے اور اسی سے ہی سماج کی تصویر اور شبیہ بدلے گی۔

ان خیالات کا اظہار یونین پبلک سروس کمیشن ۲۰۲۳ کے نتائج پر گریٹ انڈیا نیشنل اکیڈمی کرمہوا( نور نگر) کونڈرا گرانٹ ضلع سدھارتھ نگر کے ڈائریکٹر جناب نوراللہ خان نے کیا۔ آپ نے سبھی کامیاب طلبہ وطالبات کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ اس بار پھر سدھارتھ نگر کے ایک ہونہار طالب علم گوپال ورما نے ضلع کا نام روشن کیا ہے اور یہ ہمارے تاریخی ضلع کے لئے باعث فخر بات ہے۔

اس موقع پر جامعہ ملیہ اسلامیہ کی شان دار کامیابی کا ذکر کرتے ہوئے پرائم انڈیا فاؤنڈیشن کولہوئی، مہراجگنج، اتر پردیش کے چیئرمین جناب ایڈوکیٹ عبید اللہ خان نے کہا کہ جامعہ سے اس بار ۳۱ طلبہ کی کامیابی نے جامعہ کو ایک بار پھر قابل فخر یونیورسٹی کی فہرست میں شامل کردیا ہے اور پچھلی بار شروتی شرما کی پہلی پوزیشن سے ہی یہ لگ رہا تھا کہ جامعہ کی اکیڈمی شان دار نتائج دے رہی ہے۔

اسی ضمن میں برڈ پور کے کامیاب بزنس مین اور معروف سماجی و تعلیمی کارکن جناب عتیق خان نے کہا کہ تعلیم وہ ہنر ہے جس سے زندگی کا اعلی سلیقہ آتا ہے اور کامیاب زندگی کا نسخہ کیمیا ملتا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ گوپال ورما کی کامیابی سے سدھارتھ نگر میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور گوپال ورما نئی نسل کیلئے مشعل راہ ہیں ۔ بڑھنی کے معمولی اسکول سے محنت کرکے آپ نے اس اسکول کا بھی نام روشن کیا ہے۔ اسکول کے سبھی اساتذہ اور اراکین کمیٹی بھی مبارک باد کے مستحق ہیں۔
آپ نے محنت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ سرپرست اچھے اسکولوں کے ساتھ آئیں اور حیلہ بہانہ کی گندی پالیسی کے بجائے وقت پر فیس ادا کریں تاکہ اسکول انتظامیہ اپنے معیار کو برقرار رکھ سکے اور نتیجہ خیز تعلیمی ماحول کو یقینی بنایا جاسکے۔ سدھارتھ نگر اس وقت شان دار تعلیمی کارکردگی کا مظاہرہ کررہا ہے اور ضلع ہیڈکوارٹر اور آس پاس میں ایک اچھا ماحول بن رہا ہے جس میں خیر پبلک اسکول، گریٹ انڈیا نیشنل اکیڈمی، صفا پبلک اسکول ، سدھارتھ پبلک اسکول، شیمفورڈ، گنگا نیشنل پبلک اسکول، سارلا انٹرنیشنل اکیڈمی اور سینٹ اگزیویئر قابل ذکر ہیں۔
