بیدر۔ 7؍مئی (محمدیوسف رحیم بیدری): علاقہ کلیان کرناٹک کے مرکزی شہر گلبرگہ شریف میں اردو ادب کے قلمکاروں نے پارلیمانی انتخابات کے موقع پر آج 7؍مئی کو اپنے ووٹ کا استعمال کیا۔کاغذدکن بیورو گلبرگہ کی اطلاع کے بموجب ووٹ استعمال کرنے والوں میں پروفیسر حمیدسہروردی ، جناب نجم الدین باگ، جناب منظوروقار، جناب خواجہ پاشاہ انعامدار، ڈاکٹر انیس صدیقی، الحاج صادق کرمانی اور ڈاکٹر غضنفر اقبال شامل ہیں۔ ووٹ کاسٹ کرنے والے اردو زبان کے ان دانشوروں سے یہ پوچھناتھاکہ آیاانتخابات سے قبل آپ نے اپنے پسندیدہ ؍طئے شدہ امیدوار سے مل کر اردو کی ترقی وترویج کے لئے معاہدہ کیایاووٹ ایسے ہی دے دیا۔ اگر ان سے ملاقات کی تھی اور قبل ازوقت بتانا نہیں چاہتے تھے تو انتخابات کے نتائج آنے کے بعد ضرور بتائیں کہ گلبرگہ کے قلمکاروں نے ایم پی امیدوار سے ملاقات کرکے اردو زبان ، تعلیم وتدریس ، ادب اور اردو سے متعلق روزگار کی بابت کیا گفتگو کی ۔ کون سے مطالبات رکھے گئے تھے۔ اگر ایسا نہیں کیاگیا اور واقعی نہیں کیاگیاتو آئندہ سے اس کااہتمام کریں۔ ووٹ مفت کی ریوڑی نہیں ہے کہ سیکولرازم کے نام پر کسی میں بھی بانٹ دی جائے یاکسی خوف اور پریشر پرایسے ہی اٹھاکر دے دیں۔اور ہاں ووٹ دیتے ہوئے اسلامی کاز اور اسلامی نظام عدل وقسط کی نمائندگی بھی ضرورہو۔
