ملیکارجن کھرگے کے بشمول کئی دانشوروں، قلمکاروں اور معززین کا اظہارِ تعزیت
کلبرگی 22/ مئی (ڈاكٹر ماجد داغی): سابق رکن پارلیمان الحاج اقبال احمد سرڈگی کا بعمر 80 برس گزشتہ شب بتاریخ 21 مئی مختصر سی علالت کے سبب انتقال ہوگیا۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ ایک فرزند عرفان احمد سرڈگی اور ایک دختر شامل ہے۔ نماز جنازہ 22 /مئی بروز چہارشنبہ بعد نمازِ عصر نیشنل کالج گراؤنڈ ہفت گنبد گلبرگہ میں ادا کی گئی اور ان کے جسدِ خاکی کو سینکڑوں سوگواروں نے قبرستان مسجد مقبرہ درگاہ روڈ گلبرگہ میں بہ دیدۂ نم سپردِ لحد کیا ۔
اقبال احمد سرڈگی نے چیرمین آل انڈیا حج کمیٹی اور رکن قانون ساز کونسل کے علاوہ صدرنشین آفس آف دی پروفٹ کی حیثیت سے بھی یادگار خدمات انجام دی ہیں. واضح رہے کہ الحاج اقبال احمد سرڈگی 1999 تا 2004 اور 2004 تا 2009 ( دس سال) تک بحیثیت رکن پارلیمان گلبرگہ خدمات انجام دیں اور 2014 تا 2020 میعاد کے لیے ریاستی رکن قانون ساز کونسل منتخب ہوئے ۔ آپ البدر ایجوکیشنل اینڈ چیریٹیبل ٹرسٹ کے بانی صدر بھی تھے۔
مرحوم ڈاکٹر ایم ملیکارجن کھرگے قومی صدر کانگریس کے ہم جماعت اور بے تکلف دوست بھی تھے انتقال کی
اطلاع سن کر ملیکارجن کھرگے ہنگامی پرواز کے ساتھ گلبرگہ پہنچے اور گل ہائے عقیدت کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا اس موقع پر ضلع انچارج وزیر کلبرگی مسٹر پریانک کھرگے ، وزیر طبی تعلیم ڈاکٹر شرن پرکاش پاٹل، صدرنشین کلیان کرناٹک ڈیولپمنٹ بورڈ ڈاکٹر اجئے سنگھ ، صدرنشین سلک انڈسٹریز کارپوریشن لمیٹڈ محترمہ کنیز فاطمہ قمرالاسلام ، مسٹر الم پربھو پاٹل رکن اسمبلی گلبرگہ جنوب ، رکن قانون ساز کونسل تپننا کمکنور، مسٹر جگدیو گتہ دار صدر ضلع کانگریس کمیٹی ، مسٹر رادھا کرشنا دوڈمنی ، جناب خلیل مسعود علی عفان، جناب اقبال احمد شیرنی فروش سابق میئر گلبرگہ، جناب اشفاق احمد چلبل سابق میئر گلبرگہ، جناب سید احمد سابق میئر گلبرگہ ، جناب واحد فاتحہ خوانی سابق رکن سنڈیکیٹ گلبرگہ یونیورسٹی ،الحاج عالم خان سابق چیرمین ریاستی ٹورازم ڈیولپمنٹ بورڈ، جناب مظہر عالم خان صدرنشین کوڈا ، سینئر صحیفہ نگاران جناب حکیم شاکر ، جناب حامد اکمل، ڈاکٹر ماجد داغی رکن کلیان کرناٹک پردیشدا اتہاس رچنا سمیتی (حکومتِ کرناٹکا) اور سینکڑوں سیاسی قائدین، علمائے کرام، ادباء شعراء اور دانشوروں نے اقبال احمد سرڈگی کے سانحہ ارتحال پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دعا فرمائی کہ اللہ تبارک وتعالی مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ عنایت فرمائے اور لواحقین کو صبرِ جمیل عطافرمائے، آمین ثم آمین۔
