ذاکر حسین

بانی :الفلاح فاؤنڈیشن (بلڈ ڈونیٹ گروپ ) 

Email:alfalahfoundation98@gmail.com

 

اعظم گڑھ کے تحصیل نظام آباد کے موضع سیدھا سلطان پور نٹ بستی میں دس دنوں کے اندر پانچ بچوں کی موت سے پورے علاقے میں خوف کا ماحول بنا ہوا ہے۔ لیکن افسوس کی بات ہیکہ اتنے بڑے حادثہ کے بعد بھی متاثرہ بستی میں ابھی بھی صفائی کا کام نہیں ہو سکا ہے۔ بستی کے نالے نالیاں برسوں سے جام پڑے ہیں، پانی پاس نہ ہونے کی وجہ سے پوری بستی زبردست آلودگی کی ذد میں ہے۔ خدشہ ہیکہ بچوں کی موت کی سب سے بڑی وجہ گندگی ہے، حالانکہ ضلع محکمہ صحت نے پانچ بچوں کی موت کی بڑی وجہ گلا گھونٹوں (ڈپتھیریا) کی بیماری بتایا ہے۔ مرنے والے بچوں کی عمر بالترتیب ایک سال سے چھ سال بتائی جا رہی ہے۔ متاثرہ اہلِ خانہ کا الزام ہیکہ ان کے بچوں کی موت کے بعد بھی بستی میں ابھی تک صفائی کا کوئی ٹھوس کام نہیں کیا گیا ہے، جس کی وجہ سے بستی کے باشندوں میں مزید اموات کے ڈر سے ان کی زندگی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔

سماجی کارکن سمیر شیخ کہتے ہیں”سیدھا سلطان پور میں موجود نٹ برادری ہمیشہ سے بنیادی سہولیات سے محروم رہی ہے۔ بستی میں جگہ جگہ گندگی کا انبار لگا ہوا ہے، تعفن کی وجہ سے بستی میں گھٹن کا احساس ہوتا ہے۔ بستی میں آمدورفت کیلئے صرف ایک راستہ ڈھنگ کا ہے، جس راستے سے کوئی بھی انسان کسی بھی چار پہیہ گاڑی سے بستی میں اندر داخل ہو سکتا ہے۔ بستی کا مین نالا برسوں سے جام ہے۔ نکاسی کا کوئی راستہ نہیں ہے۔جگہ جگہ پانی جمع ہے اور گندگی پھیلی ہوئی ہے۔ پوری بستی میں حکومت کی جانب سے ایک بیت الخلاء تعمیر کیا گیا ہے، جو مہینے میں تین سے چار بار خاص مواقع پر کھلتا ہے۔ بستی والوں کے مطابق بستی میں صفائی کرمی کبھی نہیں آئے۔ ایک چھوٹے سے کمرے میں دس، پندرہ افراد پر مشتمل فیملی گھٹن کی زندگی گزارنے پر مجبور ہے۔

واضح رہے کہ پانچ بچوں کی اموات کے بعد مقامی سی ایم او سمیت دیگر متعلقین افسران سمیت مقامی ایم ایل اے نے بستی کا دورہ کر عوام کی پریشانی سنی اور ضلع محکمہ کی جانب سے متاثرہ بستی کے بچوں کو ٹیکہ سمیت دیگر ادویات فراہم کی گئ، لیکن ابھی تک وہاں کوئی ٹھوس کام نہیں ہو سکا ہے۔ حالانکہ اصل مسئلہ وہاں صفائی کا ہے، پانی کی نکاسی کا ہے، جس پر ابھی سرے سے کوئی کام نہیں ہوا ہے۔بستی کے رہائشی فیروز کہتے ہیں "ہم بھی انسان ہیں، لیکن ہمیں کوئی انسان ماننے کیلئے تیار نہیں ہے، ہم گھٹن کی زندگی گزار رہے ہیں، اور کوئی بھی ہمارے مسائل کو لیکر سنجیدہ نہیں ہے، اب پانچ معصوموں کی موت نے ہماری پوری برادری کو توڑ کر رکھ دیا ہے”۔

وہ مزید کہتے ہیں "پانچ بچوں کی موت کے بعد بھی ابھی افسران سمیت اربابِ اقتدار کی جانب سے کوئی ٹھوس اقدام نہیں کیا جانا نہایت افسوسناک ہے” گاؤں کی پگڈنڈیوں پر موجود گندگی اس بات کا بھی اعلان کرتی ہے کہ متاثرہ افراد بھی صفائی کو لیکر زیادہ سنجیدہ نہیں ہیں، لیکن انہیں بیدار کرنا، تعلیم سے آراستہ کرنا حکومت سمیت سماج کے باشعور اور تعلیم یافتہ کی ذمہ داری بنتی ہے، جس کو لیکر تمام لوگ فیل نظر آتے ہیں۔

گاؤں کے ہی بزرگ جمالو راقم سطور سے گفتگو میں کہتے ہیں” میری پوری زندگی گزر گئ، لیکن اس بستی میں کبھی بھی ترقی کے نام پر کوئی کام نہیں ہوا”جمالو کا الزام ہیکہ بستی میں گندگی ہونے کی وجہ سے سانس لینا بھی مشکل ہے، بستی کا نالا برسوں سے جام ہے، پانی پاس نہیں ہو پا رہا ہے، جس کی وجہ سے فضا میں مزید آلودگی کا پہرہ ہے۔ خیال رہے کہ موضع سیدھا سلطان پور معروف مدرسہ، مدرستہ الاصلاح کے بانی اور قوم کے مخلص اور قوم کے رہنما مولانا شفیع رحمتہ اللہ علیہ کا گاؤں ہے۔جماعت اسلامی کا معروف نام متعدد کتابوں کے مصنف صدرالدین اصلاحی، جدید دور کے اردو شاعر خلیل الرحمٰن بھی اسی گاؤں کے رہنے والے ہیں۔ ملک کا مایاناز سائنس ریسرچ سینٹر بھابھا کے موجودہ سائنس داں طارق عزیز بھی اسی گاؤں سے تعلق رکھتے ہیں۔ لیکن اس برادری کی حالت جیسی ستر سال قبل تھی، ویسی ہی آج بھی ہے۔ تعلیمی میدان میں نٹ برادری کی نمائندگی صفر ہے۔

یہ بات بھی قابلِ غور ہیکہ آج کل جس طرح سے چند شدت پسند ہندو تنظیمیں مسلم لڑکیوں کو ارتداد کی جانب راغب کر رہی ہیں، اس کی ذد میں اس برادری کے بھی آنے کے خدشات ہیں۔ مرنے والے بچوں کے والدین سہیل، منہاج، قیس، گڈی سمیت دیگر کے چہرے پر چھائ اداسی اہل اقتدار، مقامی ایم ایل اے، مقامی افسران، مسلم تنظیموں سے جیسے سوال پوچھ رہی ہوں کہ کیا ہم انسان کے زمرے میں نہیں آتے اور شاید ان سب کے پاس اس کا کوئ جواب نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے