سدھارتھ نگر: ضلعی جمعیت اہلِ حدیث سدھارتھ نگر، یوپی کے ناظم مولانا وصی اللہ مدنی نے اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علمی و دعوتی اور جماعتی حلقوں میں یہ اندوہناک خبر بڑے رنج و غم کے ساتھ سنی اور پڑھی گئی کہ جماعت کے معروف عالم دین مفسر قران مولانا عبدالقیوم رحمانی رحمه الله رحمة واسعة کی رفیقہ حیات کا بقضائے الہی کل 18/6/23 بروز اتوار تقریباً 5/بجے صبح دودھونیاں، سدھارتھ نگر، یوپی میں انتقال ہوگیا ہے- انا لله وانا اليه راجعون۔تغمدها الله بواسع رحمته ورضوانه۔
اعلان کے مطابق موصوفہ کی نماز جنازہ و تدفین 18/6/23 بروز اتوار بعد نمازِ مغرب شیخ رحمہ اللہ کے آبائی وطن دودھونیاں بزرگ میں جامعہ سراج العلوم السلفیہ، جھنڈا نگر، نیپال کے ناظم محترم مولانا شمیم احمد ندوی کی امامت میں ادا کی گئی جس میں قرب و جوار سے کثیر تعداد میں علماء، طلبہ اور سرکردہ اسلامی و سیاسی شخصیات نے شریک ہوکر دعائے مغفرت کی اور ہزاروں سوگواروں نے اپنی پرنم آنکھوں سے انہیں سپرد خاک کیا-
موصوفہ نیک سیرت، اچھے اخلاق کی حامل اور احکام شریعت کی پابند تھیں –
ناظم جمعیت مولانا وصی اللہ مدنی نے کہا کہ "ہم ضلعی جمعیت اہلِ حدیث سدھارتھ نگر کے تمام عہدے داران، کارکنان مع ارکان عاملہ و شوری محترمہ کے غمزدہ اہل وعیال، رفقاء واحباب کی خدمت میں تعزیت پیش کرتے ہیں اور لاحق غم و پریشانی میں برابر کے شریک ہیں-
آپ تمام احباب جماعت و جمعیت سے گزارش ہے کہ موصوفہ کی مغفرت اور رفع درجات کے لیے خلوص و للہیت سے دعا کریں-
اللہ تعالی مرحومہ کی نیکیوں اور طاعات وعبادات کو شرفِ قبولیتِ سے نوازے اور بشری لغزشوں کو در گذر کرتے ہوئے جنت الفردوس کا مکین بنائے اور تمام لواحقین و پسماندگان اور اہل خانہ کو صبر جمیل کی توفیق عطا بخشے، آمين۔
