سید عزیز الرحمن کی خصوصی رپورٹ
اٹوا(سدھارتھ نگر): اس دنیا میں انسان اللہ کا خلیفہ اور ناٸب ہے انسان کے بغیر دنیا میں کوئی چہل پہل نہ تھی ، اللہ نے بہت سی چیزوں کی تخلیق کی مگر تخلیق سے پہلے فرشتوں کے سامنے پیشگی تذکرہ نہیں کیا جب کہ انسان کی تخلیق سے پہلے فرشتوں کے سامنے اس کا تذکرہ کیا اور فرشتوں کے سوال اور قیل و قال پر ان کو یہ کہہ کر خاموش کر دیا کہ ”جو میں جانتا ہوں وہ تم نہیں جانتے“۔ ان خیالات کا اظہار ضلعی جمعیت اہلِ حدیث ضلع سدھارتھ نگر کے مبلغ و داعی شیخ عبدالاحد ششہنیاوی حفظہ اللہ نے ظہر کی نماز کے بعد مسجدِ کلیة الکوثر ”دوپھڑیا“میں کیا۔ شیخ نے اپنی بات جاری رکھتے ہوۓ فرمایا کہ انسان کو اپنی خلقت کے عظیم مقصد کو سمجھنا چاہیے اور اس دنیامیں اللہ کے دین اور اس کلمہ کو بلند کرنا چاہیے۔
شیخ نے اظہارِ افسوس کرتے ہوۓ کہاکہ آج مسلمانوں میں دینی جذبات کی بہت کمی واقع ہوگٸی ہے گویا مسلمانوں کےدل زنگ آلود ہوگیے ہیں نہ تو دینی کاموں میں دلچسپی ہی رہی اور نہ وہ اثر پذیری رہی جو ہونی چاہیے آخر کیا سبب ہے کہ اصلاحی کام ہو رہے ہیں لیکن اس کا کوٸی اثر زمینی طور پر نظر نہیں آرہا ہے شیخ نے مزید کہا کہ مسلمانوں کو ہمہ وقت دینی کاموں کو ترجیح دینی چاہیے۔اس موقع پر حافظ عبداللہ صاحب ، حمایت اللہ صاحب، الحاج عبدالقیوم صاحب ، سید عزیز الرحمٰن صاحب اور دیگر سامعین و مصلین کافی تعداد میں موجود رہے ،شیخ نے اپنے خطاب کے بعد کلیہ کا معاٸنہ کیا اور نظم ونسق پر مسرت کا اظہار کیا۔
واضح ہو کہ شیخ ان دنوں ضلع میں معاٸنہ کی غرض سے نکلے ہوۓ ہیں اور مدارس و مکاتب کلیات و جامعات کا جمعیت اہل حدیث کی طرف سے معاٸنہ کر رہے ہیں۔
