ممبئی: (ذوالقرنین احمد): جماعت اسلامی ہند مہاراشٹر کے امیر مولانا الیاس خان فلاحی نے ستارا ضلع کے کھٹاو تعلقہ کے گاؤں پوسے ساؤڑی میں ہوئے تشدد کی مذمت کی ہے اور تشدد کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ میڈیا کو ایک بیان میں، جماعت اسلامی ہند مہاراشٹر کے امیر نے کہا، "ہم پوسے ساؤڑی میں تشدد کی مذمت کرتے ہیں۔ ایک بہت بڑے ہجوم کا عبادت گاہ کو نقصان پہنچانا اور قانون کو اپنے ہاتھ میں لے کر دوسرے مکانات اور دکانوں کو نشانہ بنانا سراسر قابل مذمت ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ مذکورہ حملہ میں ایک نوجوان شہید ہوا ہے جبکہ دوسرا شدید زخمی ہے۔ یہ بہت سنگین مسئلہ ہے کہ مہاراشٹر جیسی پرامن اور ترقی پسند ریاست میں اس طرح کا واقعہ رونما ہونا ایک بدنما داغ ہے۔ اس میں کچھ سماج دشمن عناصر اور مفاد پرست معاشرے کو مذہبی خطوط پر تقسیم کرنے اور پولرائز کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ میں سب سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ ان کے ایجنڈے کا شکار نہ ہوں۔ ہمیں امن اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو برقرار رکھنا چاہیے، کسی اشتعال انگیزی کا شکار نہیں ہونا چاہیے۔”
مولانا الیاس خان فلاحی نے مزید کہا کہ "ہم واقعے کی اعلیٰ سطحی انکوائری کا مطالبہ کرتے ہیں، اس انکوائری کی رپورٹ کو عام کیا جانا چاہیے۔ جماعت سول سوسائٹی کی ایک فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی حقائق کا پتہ لگانے کے لیے پوسے ساوڑی ستارہ کا دورہ کرے گی۔ ایف آئی آر درج ہونے کے باوجود ہم دیکھتے ہیں کہ متاثرین کو انصاف نہیں ملتا۔تشدد کے مرتکب افراد کو سزا نہیں ملتی کیونکہ چارج شیٹ "نامعلوم افراد” کے خلاف ہے۔ ہر کوئی بے بسی کی التجا کرتا ہے اور جیسے جیسے جرم کی سزا نہیں ملتی تشدد کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔ جماعت اسلامی ہند، مہاراشٹر کا مطالبہ ہے کہ جاں بحق ہونے والے مقتول کے لواحقین کو مناسب معاوضہ دیا جائے، جن کے گھر اور دکانیں جل گئی ہیں انہیں بھی معاوضہ دیا جائے، جس عبادت گاہ کو نقصان پہنچا ہے اسے بحال کیا جائے اور قصورواروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔
مذکورہ اطلاع جماعت اسلامی ہند مہاراشٹر کے میڈیا سیکریٹری ارشد شیخ نے جاری ایک پریس ریلیز میں دی ہے۔
