بارہ بنکی(ابوشحمہ انصاری): مکتب نور القرآن صدیقہ مسجد کھدرا لکھنؤ میں بچوں کے مابین مسابقۂ تجوید و قرأت منعقد ہوا جس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا محمد اقبال ندوی نے کہا کہ اس پُرفتن دور میں نسل نو کے ایمان و عقیدے اور ان میں دینی تعلیمی بیداری پیدا کرنے کے لئے منظم طریقے سے مکاتب قائم کرنے کی سخت ضرورت ہے۔ اور اگر آج ہم نے اس کی فکر نہیں کی تو مستقبل میں کف افسوس کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مکتب نور القرآن کے بچوں کے مابین مسابقہ تجوید و قرأت سے میرا دل بہت خوش ہوا۔ اس طرح کے مسابقہ سے بچوں میں دلچسپی پیدا ہوتی ہے۔

پروگرام کا آغاز قاری محمد سلمان زید پوری اور قاری محمد آصف کی خوش الحان تلاوت کلام اللہ سے ہوا۔ عفان فرحان نے حمد اور شادمان ایاز نے نذرانۂ نعت پیش کیا۔

بچوں کے مابین مسابقہ تجوید و قرأت میں دس بچوں نے حصہ لیا ، محمد حسان ، شادمان ایاز، عبدالاحد، امن اعظم، محمد مصعب ،حذیفہ عمران ، ایاز ماجد، اشہد افضال ، مشاہد اور معاذ، ان بچوں کو انعامات سے سرفراز کیا گیا۔ کامیاب ہونے والے بالترتیب اول محمد اشہد افضال، دوم محمد حزیفہ عمران، سوم عبدالاحد کو مکتب کی طرف سے خصوصی انعامات سے نوازا گیا۔

جلسہ میں خاص طور سے قاری سید محمد حسان، مولانا محمد منتظر ندوی ، مولانا محمد معروف قاسمی صدر مدرسہ تعمیر ملت، رضوان ضیاء، نثار صدیقی، شاہد صدیقی، رضوان صدیقی اور عمران قریشی موجود رہے۔ مولانا محمد اقبال ندوی کی دعاء پر جلسہ کا اختتام ہوا۔ آخر میں منتظم مکتب نور القرآن مولانا محمد معروف مظاہری سیدنپوری نے تمام شرکائے جلسہ کا شکریہ ادا کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے