وزیر تعلیم مدھوبنگارپا کے ہاتھوں تقریب کا افتتاح، وزیراعداد وشمار ڈی سدھاکر، عبدالجبار ایم ایل سی اور دیگر کی شرکت
بیدر۔ 24؍جنوری (محمدیوسف رحیم بیدری): بیدر ضلع کی تین ممتاز،قابل اور محنتی خاتون اساتذہ محترمہ ناظرہ بیگم ، سرکاری اردو ہائرپرایمری اسکول ینکورا تعلقہ بھالکی ، محترمہ وصیہ شاہین ، سرکاری اُردو ہائرپرائمری اسکول ملکاپورتعلقہ بیدر، اور وسیمہ سلطانہ سرکاری اُردوہائرپرائمری اسکول چٹگوپہ کوریاستی سطح کی اردو اساتذہ کی تنظیم کراٹا(کرناٹکا راجیہ اردو ٹیچرس اسوسی ایشن) کرناٹک کی جانب سے پہلا فاطمہ شیخ ریاستی ایوارڈ دئے جانے پر کراٹابیدرکی جانب سے مسرت کے اظہار کے ساتھ تینوں خاتون ٹیچرس کو مبارکباد دیتے ہوئے جناب انصار بیگ ریاستی نائب صدر کراٹا کرناٹک اور صدر کراٹا بیدر نے حسب ِذیل پریس نوٹ جاری کیا ہے۔ 23؍جنوری منگل کو چترادرگ شہر کے تراسورنگ مندرمیں کراٹاکی جانب سے ریاستی سطح کی’’فاطمہ شیخ ایوارڈ‘‘ تقریب کا انعقادعمل میں آیا جس کا افتتاح تقریب کے مہمان خصوصی وزیر تعلیم مدھوبنگارپا کے ہاتھوں عمل میں آیا۔
تقریب کی صدارت وزیر منصوبہ بندی اور اعدادوشمار جناب ڈی سدھاکر ضلع انچارج وزیرچترادرگہ نے کی۔ دیگر مہمانان میں جناب عبدالجبار ایم ایل سی اورریاستی صدر کانگریس مینارٹی ڈپارٹمنٹ اور ایچ انجنیا سابق وزیر ، محترمہ بلقیس بانو سابق چیرپرسن مینارٹی کمیشن کرناٹک ، معین الدین شرہٹی صدر کرناٹک اسٹیٹ اردو ٹیچرس اسوسی ایشن ، جناب شیخ فیاض سابق ریاستی صدر کراٹا، شامل رہے۔
چترادرگا کراٹا کے صدر ہارون رشید نے تمام مہمانوں اور پوری ریاست سے آئے ہوئے اساتذہ برادری کااستقبال کرتے ہوئے اس تقریب کو ایک اہم جشن میں تبدیل کردیا۔ محترمہ ناظرہ بیگم ، وصیہ شاہین اور وسیم سلطانہ صاحبہ کی گلپوشی ، شالپوشی ، تاجپوشی کے علاوہ مومنٹوکے ذریعہ آزادی کے بعد کی اولین ماہرتعلیم محترمہ فاطمہ شیخ کی یادمیں دیاجانے والا ’’فاطمہ شیخ ایوارڈ‘‘ پیش کیا گیا جو ریاست کرناٹک میں اساتذہ کی کسی بھی تنظیم کی جانب سے دیاجانے والا پہلا ایوارڈ ہے۔
واضح رہے کہ اساتذہ کرام کی قدیم تنظیم کراٹا نے ریاست کرناٹک کے تمام اضلاع سے دودو اساتذہ لیکن بیدر ضلع سے تین اساتذہ کو ا س ایوارڈ سے سرفراز کیا۔ جس کے لئے کراٹا کی ریاستی قیادت کے علاوہ چترادرگہ کی کراٹا شاخ مبارک باد کی مستحق ہے۔بیدر کی اساتذہ برادری میں خوشی اور مسرت کاماحول ہے۔
