ڈومریاگنج (سدھارتھ نگر):
منہج تدریس کو موثر و نتیجہ خیز بنانے، سبق کو آسان و عام فہم بنانے سبق کی کہانیوں اور واقعات کے ذریعے افہام و تفہیم، معاون تدریسی اشیاء کے ذریعے سے اسباق میں حسن پیدا کرنے ، کلاس کے نظم و ضبط کو بہتر و منظم کریں کہ طلبہ تعلیم کی طرف بذات خود راغب ہوں وغیرہ جیسے رہنما خطوط کے پر غور و فکر کے لیے ممبئی کے مشہور ایجوکیشنسٹ اور کیریئر کونسلر ڈاکٹر محمد کاظم ملک کی نگرانی میں جامعہ مصباح العلوم چوکونیاں میں دو روزہ ٹیچر ٹریننگ ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔
اس موقع پر ڈاکٹر کاظم ملک نے کہا کہ اساتذہ طلبہ کو مختلف مواقع پر مختلف طریقے سے حوصلہ افزائی کرکے انھیں علمی و فکری اعتبار سے پختہ بنانے کی کوشش کرنی چاہیے۔ علاوہ ازیں ہر دن تفہیم اسباق پر جدید طریقہ تدریس پر غور کرتے ہوئے عام بنانے کی کوشش کرتے رہنا چاہیے۔
ڈاکٹر محمد کاظم ملک نے اس بات پرزور دے کر کہا کہ تمام اساتذہ وقت کی نزاکتوں پر گہری نگاہ رکھتے ہوۓ نونہالان ملک و ملت کی تعمیر و ترقی نمایاں رول ادا کریں۔
ڈاکٹر آس محمد سکریٹری ہیومن ویلفیئر فاؤنڈیشن نئی دہلی نے تعلیم و تعلم کے کاز کو ترقی دینے والے این جی اوز کا تعارف پیش کیا۔
مولانا قمر الزماں قاسمی کے تذکرہ کلمات سے ورکشاپ کا آغاز ہوا۔ قائم مقام ناظم جامعہ ہاتف کلیم چودھری ماسٹر توقیر احمد اور شبیر احمد فلاحی نے مہمان کا والہانہ استقبال کیا تو صدر انجمن طلبہ قدیم ڈاکٹر محمد اسلم نے مہمان خصوصی کو تعارف پیش کیا۔
اس موقع پر الجامعۃ الاسلامیہ تلکہنا، فاران پبلک اسکول کیتھولیا کے علاوہ تحصیل ڈومریا گنج کے تقریباً ستر مدارس و مکاتب کے اساتذہ ورکشاپ سے مستفید ہوۓ۔
اس موقع پر مولانا عثمان علی قاسمی، مولانا اقبال احمد قاسمی، سلمان احمد سراجی، احمد علی فلاحی، ظفر احمد فلاحی، حافظ مستقیم احمد، محمد عاصم، عزیز فخر الدین فلاحی، عبدالحمید فلاحی کے علاوہ دیگر علماء کرام موجود رہے۔ نظامت کی ذمہ داری احمد علی فلاحی نے انجام دی اور دعا کے ذریعے دو روزہ ورکشاپ کا اختتام ہوا۔
