بیدر. 8جولائی (محمدیوسف رحیم بیدری): دارالظفر بیجاپور میں ہرسال کی طرح امسال بھی جماعتِ اہلِ سنت کرناٹکا شاخ ضلع بیجاپور کی جانب سے شہزادہئ رسول جگر گوشہئ بتول سید الشہداء امام عالی مقام حضرت سیدنا امام حسین رضی اللہ عنہ اور شہداء کربلا کی بارگاہ میں خراجِ عقیدت ومحبت پیش کرنے کے لیے 10/روزہ جلسہائے عظمت امام حسین رضی اللہ عنہ کا اہتمام کیاجارہاہے۔مذکورہ اجلاس کے انعقاد کے ذریعہ عامۃ المسلمین میں حبِ اہلِ بیت اطہار و احترامِ صحابہ کرام کے جذبے کو فروغ دینا اور خارجیت وناصبیت کے فتنوں کا سدِباب مقصود ہے۔

اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا سید محمدتنویر ہاشمی نے مزید فرمایا کہ دورِ حاضر میں بعض ناعاقبت اندیش حبِ اہلِ بیت اطہار کی آڑ میں صحابہ کرام کی شان میں گستاخی وبے ادبی کرتے ہیں اور بعض فتنہ پرور احترام صحابہ کرام کی آڑ میں اہلِ بیتِ اطہار کی بارگاہوں میں بے ادبی وگستاخی کرتے ہیں۔ ایسے فتنوں سے عوام الناس کو آگاہ کرنا نیز ان کے اندر بیداری پیداکرنا اور اعتدال کے ساتھ دین کی خدمت کرنا جماعتِ اہلِ سنت کرناٹکا کی امتیازی پہچان ہے۔ علماءِ کرام و مشائخ ِ عظام وائمہئ مساجد سے گذارش کی جاتی ہے کہ مجالسِ محرم کا اہتمام کریں۔ ان مجالس میں خوب اہل ِ بیتِ اطہار کی عظمتوں کا تذکرہ کریں اور احترامِ صحابہ کرام کی جانب متوجہ کراتے ہوئے مسلمانوں کو صبروتحمل، اتحاد واتفاق، نماز قائم کرنا، آپسی بھائی چارہ اور احکامِ شریعت پرعمل کرنے نیزخرافات وبدعات منکرات سے اجتناب کی دعوت دیں۔

مزید آپ نے فرمایاکہ پورے صوبہ کرناٹکا میں جماعتِ اہلِ سنت کرناٹکا کی جانب سے مجالسِ محرم الحرام کے اہتمام کی ترغیب دلائی گئی ہے۔ لہٰذا تمام مسلمانوں سے مذکورہ مجالس میں شرکت کی پرخلوص گذارش کی جاتی ہے اور خواتین ِ اسلام حدودِ شرع میں رہتے ہوئے مجالسِ محرم الحرام کا اہتمام کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے