بیدر۔ 29؍اگست (محمدیوسف رحیم بیدری ؍ڈاکٹر ماجد داغی): بروز بدھ مورخہ 28؍اگست 2024 صبح 11.45؍بجے جماعت اہل سنت کرناٹکا کی ایک اہم نشست دفتر جماعتِ اہلِ سنت کرناٹکا واقع آرٹی نگر بنگلور میں منعقدہوئی ۔ نشست کی صدارت مولانا سیدمحمد تنویر ہاشمی نے فرمائی اور نظامت کے فرائض جماعت اہل سنت کرناٹکاکے جنرل سکریٹری مفتی محمدعلی قاضی نے انجام دیئے۔مذکورہ اجلاس میں کرناٹک کے مختلف اضلاع کے منتخب نمائندے کثیر تعدادمیں شریک ہوئے۔ مولانا مصطفی کمال گنگاوتی کی تلاوت کلام پاک سے نشست کاآغاز ہوا اور مفتی محمدعلی قاضی مصباحی نے نعت شریف کاہدیہ پیش کیا بعدہ جملہ شرکائِ مجلس کا استقبال کیا۔ صدر اجلاس سید محمدتنویر ہاشمی نے جماعت کی جملہ کاروائیوں اور آئندہ کے منصوبوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔گزشتہ روداد کی خواندگی کے بعد تاسیسی ارکان میں بعض ترمیمات کے بعدکچھ نئے ارکان کا اضافہ کیاگیا۔ شرکاء نشست کے باہمی رائے مشورے کے بعدجماعت اہل سنت کرناٹکا کاسالانہ اجلاس اکتوبر 2024کے آخری عشرے میں شہر بنگلور میں منعقد کرناطے پایا۔ جماعت اہل سنت کرناٹکا نے تمام مسلمانان اہل سنت سے اپیل کی کہ عید میلاد النبی ﷺ کے اجلاس وجلوس کو پورے ادب واحترام کے ساتھ منعقدکریں ۔ اس موقع پر غیرمہذب وغیر شائستہ نعرے بازی سے سختی کے ساتھ پرہیزکریں۔ غیرمسلم مذہبی پیشوا ، قائدین سیاست ، ڈاکٹرس، دانشواران قوم ، ججس اورمعروف وکلاء سے ملاقات کرکے پھولوںکے گلدستے اور حضور ﷺ کی سیرت طیبہ پرانگریزی اور کنڑا زبان میں لکھی ہوئی کتابیں ہدیتہ پیش کریں۔ وقف ترمیمی بل کے تعلق سے بات چیت کرتے ہوئے سید تنویر ہاشمی نے کہا کہ وقف ترمیمی بل وقف کی حیثیت کوختم کرناہے اور براہ راست شریعت اسلامیہ میں مداخلت کے مترادف ہے جو مسلمانوں کے لیے ناقابل قبول ہے۔ اس لیے جماعت اہل سنت کرناٹکا وقف کے تحفظ کے لیے کوشاںاسلامیان ہند کے نمائندہ مذہبی وسیاسی قائدین و تنظیمات کے ساتھ کھڑی ہے۔ Hate Crime قانون کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ جماعت اہل سنت کرناٹکا حکومت کرناٹکا سے مطالبہ کرتی ہے کہHate Crimeقانون کوجلد از جلد صوبہ میں نافذکرے تاکہ صوبہ اور ملک سے نفرتوں کا خاتمہ ہواور امن واخوت ، پیار ومحبت کو فروغ ملے۔ جماعت اہل سنت کرناٹکا ہر فکری وعملی انتشار سے اجتناب کرتے ہوئے مثبت وتعمیری اقدامات کے ساتھ ملت واہل سنت کی شیرازہ بندی کے لیے کاربند رہے گی۔ آخر میں اہل فلسطین وغزہ کے مظلومین اور ملک عزیز ہندوستان کی خوشحالی وترقی کے لیے دعاکی گئی۔
تصویر منسلک ہے
