ہمہ مذہبی پیشواؤں اور سیاسی قائدین کو انگریزی اور کنڑازبان میں لکھی گئی کتب سیرت النبی پیش کرنے کی ضرورت
گلبرگہ ۔ 2؍ستمبر (ڈاکٹر ماجد داغی): جماعتِ اہل سنت کرناٹک مشائخ عظام اور علمائے اہل سنت کی نمائندہ تنظیم ہے ۔ جو گذشتہ پانچ سالوں سے ملتِ اسلامیہ کے دینی ، ملی ، آئینی مسائل کے حل کے لیئے سر گرم عمل ہے ۔ ان خیالات کا اظہار حضرت شیخ شاہ محمد افضل الدین جنیدی سراج بابا قبلہ سجادہ نشین بارگاہ حضرت شیخ دکن علیہ الرحمہ و سرپرست جماعت اہل سنت کرناٹک نے کیا ۔ وہ کل بعد نماز مغرب الجنید فنکشن ہال میں جماعت اہل سنت کے اہم ترین مشاورتی اجلاس سے مخاطب تھے۔
اُنھوں نے کہا کہ جماعت اہل سنت مختلف شعبہ ہائے حیات میں گراں قدر خدمات انجام دے رہی ہے۔ شہر گلبرگہ میں بھی اس تنظیم کی کارکردگی کو بہتر بنانے کی غرض سے ذمہ داران کا انتخاب عمل میں لایا گیا ہے۔ تمام شعبہ جات سے ذمہ داران کو شامل کیا گیا ہے۔ حضرت سراج بابا قبلہ نے کہا کہ ہمیں جماعت اہل سنت کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے تا کہ تعمیر ملک و ملت اور تعمیر اہل سنت کا کام بحسن و خوبی انجام پا سکے۔ مولانا حافظ و قاری شاہ محمد فخرالدین مانیال صدر جماعت اہل سنت کرنا ٹک شاخ گلبرگہ نے کہا کہ غیر مسلم سیاسی قائدین اور ہمہ مذہبی پیشواؤں ، دانشوروں تک سیرت طیبہ کے پیغام کو پہنچانا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ اسی مقصد کے پیش نظر حضرت علامہ سید محمد تنویر ہاشمی صاحب قبلہ بانی و صدرجماعت اہل سنت کرناٹک کی ایماء پر جماعت اہل سنت کرناٹک شاخ گلبرگہ ماہ ربیع الاول میں غیر مسلم سیاسی قائدین ، ہمہ مذہبی پیشواؤں ، دانشواروں اور سرکاری اعلیٰ عہدیداروں کو انگریزی ، کنڑا زبان میں لکھی گئی سیرت کی کتابیں تحفتاً پیش کرے گی۔
مولانا محمد فخرالدین مانیال نے کہا کہ جماعت اہل سنت کی جانب سے بلڈ ڈونیشن کیمپ بھی رکھا جائیگا۔ اجلاس میں حالیہ دنوں میں شانِ رسالت میں گستاخی کے خلاف قرار داد منظور کی گئی ۔ قرار داد میں کہا گیا ہے کہ 15 ؍ اگست کو دریدہ دھن رام گری راج ملعون نے گستاخی کی جسارت کی ہے۔ہم رام گری راج کی سخت مذمت کرتے ہیں اور حکومت مہا راشٹرا سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ رام گری راج کو فوری گرفتار کیا جائے اور سخت سزا د ی جائے ۔ ایسے دریدہ ذھن ملعون افراد ملک کے امن کے لئے سخت خطرہ ہیں۔ ہم تمام مہاراشٹراکے مسلمانوں کے احتجاج کی پر زور حمایت کرتے ہیں۔
اجلاس میں حضرت سید شاہ مختار پیراں توکلی سجادہ نشین انب روضہ، حضرت شاہ محمد منہاج الدین بادی متولی درگاہ حضر ت لنگوٹ بند،حضرت سید شاہ مرتضیٰ قادری جانشین سجادہ نشین ملکھیڑ ،جناب اصغر چلبل سابق کوڈا چیر مین ، مولانا شیخ سلیم نظامی ،مولانا عاطف نظامی ،جناب انجیٔنرمشتاق،جناب انجیٔنرمحمود،جناب شبیر حسین مانیال،جناب جمیل انصاری ،جناب مسعود جنیدی ، جناب اسماعیل ملا ں سینئر ایڈوکیٹ فہمید خان ،جناب اظہر ایڈوکیٹ کے علاوہ دیگر احباب نے شرکت کی۔
