گورنمنٹ ڈگری کالج ظہیر آباد میں یوسف رحیم بیدری کا توسیعی لیکچر

ظہیر آباد۔18؍اکٹوبر(غلام مصطفیٰ محصولدار): گورنمنٹ ڈگری کالج ظہیر آباد علاقہ تلنگانہ کا ایک مثالی کالج ہے جہاں تین زبانوں اردو انگریزی اور تلگو میڈیم میں لڑکیوں اور لڑکوں کو عصری معیاری تعلیم دی جارہی ہے اور خاص بات یہ ہے کہ یہاں بی ایس سی اردو میڈیم اور بی کام کمپیوٹر اپلی کیشن اردو میڈیم میں بھی پڑھایا جارہا ہے۔ کالج میں بڑی مقدار میں طالبات پردے کی مکمل پابندی کرتے ہوئے تعلیم کے زیور سے خود کو آراستہ کر رہی ہیں۔ اردو عالمی سطح کی مقبول زبان ہے، اسے حصول علم کے لیے استعمال کرتے ہوئے اردو میں دیگر زبانوں کے ادبی و سائنسی سرمایے کو ترجمے کے ذریعے منتقل کیا جائے۔ طلباء اپنی مادری زبان اردو سے محبت کریں اور اس کے ادب اور علوم کو سماج میں عام کریں ان خیالات کا اظہار بیدر سے کالج کے دورے پر آئے ادیب صحافی شاعر و مترجم جناب سید یوسف رحیم بیدری نے اپنے ایک توسیعی لیکچر کے دوران کیا۔

قبل ازیں کالج کے پرنسپل ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی نے یوسف رحیم بیدری کا خیر مقدم کیا اور ان کی علمی ادبی صحافتی و شعری خدمات سے کالج کے طلباء کو واقف کرایا۔ یوسف رحیم بیدری نے ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی کو مبارکباد پیش کی کہ ان کے اردو میں لکھے ہوئے سائنسی مضامین میسور یونیورسٹی دھارواڑ کے نصاب میں شامل کیے گئے ہیں اور ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی اردو زبان و ادب کو کمپیوٹر ٹیکنالوجی سے جوڑتے ہوئے اردو کی بڑی خدمت کر رہے ہیں۔ یوسف رحیم بیدری نے طلباء کو مشورہ دیا کہ وہ اردو کے معیاری ادب کا مطالعہ کریں۔ اساتذہ سے اچھی اردو سنیں اور اپنی اردو زبان دانی کو بہتر بناتے ہوئے اپنے خیالات کو اردو میں میڈیا کے ذریعے پیش کریں۔ انہوں نے طلباء کو مشورہ دیا کہ مختصر افسانے کی طرح چھوٹے چھوٹے دل کو چھو لینے والے خیالات طلباء سوشل میڈیا ریل کے ذریعے پیش کرتے ہوئے سماجی خدمت کر سکتے ہیں۔

اس تقریب میں نامور صحافی جناب نصیر الدین صاحب‘ کالج کے لیکچررز ڈاکٹر نرہری مورتی‘ ڈاکٹر محمد تنویر‘ ڈاکٹر رابعہ‘ ڈاکٹر عشرت‘ فاطمہ‘ عشرت بیگم‘ اسما بیگم اور دیگر نے شرکت کی ۔ اس موقع پر کالج کی جانب سے یوسف رحیم بیدری اور صحافی نصیر الدین صاحب کی شال پوشی و گل پوشی کی گئی۔ یوسف رحیم بیدری نے کالج پرنسپل ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی کو تہنیت پیش کی۔انہوں نے اپنے افسانچوں کا مجموعہ’’ چیں‘‘ کالج کے طلباء کو مطالعے کے لیے پیش کیا اور اپنی تصانیف راوی، سرخاب‘کرہ‘شفاعت اور ماحولیات ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج ظہیر آباد کو بہ طور تحفہ پیش کیں۔ ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی نے اپنی آپ بیتی’’ پل دو پل کی زندگانی‘‘ اور کالج کی سرگرمیوں پر مبنی رنگین خبرنامہ نیوز لیٹر یوسف رحیم بیدری کو پیش کیا۔

یوسف رحیم بیدری نے اس بات پر مسرت کا اظہار کیا کہ ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی کے پرنسپل بننے کے بعد کالج میں ہمہ جہت تعلیمی سرگرمیاں ہورہی ہیں اور انہیں میڈیا کے ذریعے دنیا بھر میں پیش کیا جارہا ہے۔ کالج کی ترقی کے لیے یوسف رحیم بیدری نے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔اس بات کی اطلاع کالج ذرائع نے پریس نوٹ کے ذریعہ دی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے