تلسی پور(بلرامپور): بتاریخ 4 نومبر بروز سوموار سلام ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر سوسائٹی کے زیر اہتمام، طاہرہ گرلس انٹر کالج کے خوبصورت اور وسیع گراؤنڈ میں سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم (مدنی زندگی) کے موضوع پر منعقد تحریری انعامی مقابلہ میں شریک ہونے والے تمام طلبہ و طالبات کے اعلان نتائج اور تقسیم انعامات کے لیے ایک باوقار تقریب منعقد ہوئی، جس کی صدارت مملکتِ بحرين سے تشریف لائے مشہور و معروف عالم دین شیخ عبداللہ عبدالحمید مدنی بحرینی/ حفظہ اللہ نے فرمائی، اس تقریب میں سب سے پہلے بانی ادارہ شیخ منصور احمد مدنی حفظہ اللہ کی مرتب کردہ دو حصوں پر مشتمل نصابی کتاب "مسنون دعائیں” کا رسم اجرا کیا گیا، اور تمام موجود علمائے کرام کو ایک ایک سیٹ کتاب بطور ہدیہ پیش کیا گیا، اس کے بعد اسٹیج پر تشریف فرما علماء کرام میں سے مندرجہ ذیل شخصیات نے اپنے اپنے تاثرات پیش کئے:

1- فضیلة الشیخ ابو العاص وحیدی حفظہ اللہ آپ نے کتاب "مسنون دعائیں” کا جامع تعارف پیش کیا اور بتایا کہ میں نے اس کو حرف بہ حرف پڑھا ہے اور کچھ حذف و اضافہ بھی کیا ہے، یہ نصاب تعلیم میں داخل کرنے کے لیے دعا کی جامع اور معتبر کتاب ہے۔

2 فضیلة الشیخ ڈاکٹر لیث محمد مکی حفظہ اللہ نے سیرت النبی کی معرفت کی فضیلت اور مسابقے کی اہمیت پر بڑی جامع گفتگو کی۔

3 فضیلة الشیخ محمد ابراہیم مدنی حفظہ اللہ امیر ضلعی جمعیت اہل حدیث، سدھارتھ نگر نے سیرت النبی کے موضوع پر مسابقے کو نور علی النور کہا اور بہت سراہا، آپ نے فرمایا کہ اس طرح کے مسابقے ہر ادارہ والوں کو کرانا چاہیے۔

4 فضیلة الشیخ مقیم الدین مدنی حفظہ اللہ نے سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے موضوع پر مسابقہ ہونے پر بڑی خوشی کا اظہار کیا اور بچوں کو اسے یاد کرنے کے بعد ہمیشہ یاد رکھنے کی تلقین کی، ان کے علاوہ مولانا محمد الیاس سلفی نے خطبہ استقبالیہ کے طور پر ادارہ کا مختصر اور جامع تعارف پیش کیا اور مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

اخیر میں فضیلة الشیخ عبداللہ عبدالحمید مدنی بحرینی حفظہ اللہ نے اپنے صدارتی خطاب میں عقیدہ توحید کی طرف ابھارا اور شرک کی مذمت بیان کی اور تمام طلبہ و طالبات کو اسوہ حسنہ کو اپنانے اور پیارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت پر عمل کرنے کی تلقین کی۔ ادارہ کے نظم و ضبط، ترتیب و تنسیق اور تعلیم کو دیکھ کر ذمہ داران ادارہ خصوصا فضیلة الشیخ منصور احمد مدنی اور اسامہ منصور(مینیجر) کی محنتوں کو خوب سراہا اور ان کی تعریف کی اور ادارہ کی ترقی کے لیے دعائیں دیں۔ اور اسی کے ساتھ تمام ذمہ داران ادارہ کی محنتوں کو بارگاہ الہی میں شرف قبولیت کے لیے دعائیں دیں۔

ان علماء کرام کے علاوہ بہت سارے علماء کرام اور معزز شخصیات پروگرام میں شرکت کی، ان میں سے مولانا محمد شارق سلفی، مولانا کلام اختر سنابلی، مولانا عاصم مدنی، مولانا نور الحسن مدنی،جناب وسیم احمد خان، جناب عقیل احمد، حافظ محمد ابراہیم،ظفرمحمدی وغیرہ۔

علمائے کرام کے تاثرات کے بعد سب سے پہلے پروگرام میں شریک تمام مدارس و مکاتب کے ذمہ داران، اساتذہ کرام اور نمائندگان کو ایک ایک قیمتی ہدیہ بشکل بیگ دیا گیا اور مہمانان خصوصی فضیلة الشیخ عبداللہ عبدالحمید مدنی بحرینی حفظہ اللہ اور فضیلة الشیخ ابو العاص وحیدی حفظہ اللہ کی ادارہ کی جانب سے شیلڈ دے کر تکریم کیا گیا۔

اس کے بعد 105 طلبہ و طالبات میں انعامات تقسیم کیے گئے، ان انعامات میں تین گریڈ بنائے گئے تھے، پہلا گریڈ اول تا پانچ طلبہ اور طالبات کے لیے قیمتی انعامات تھے، دوسرا گریڈ چھ سے 55 نمبر یعنی 50 طلبہ کے لیے بہترین گفٹ پیک، اورتیسرا گریڈ 55 سے 105 یعنی پچاس طلبہ کے لیے تشجیعی انعامات کے طور پر ایک گفٹ پیک۔ کل 105 طلبہ و طالبات کو انعامات سے نوازا گیا۔ واضح رہے کہ ضلع بلرام پور، سدھارتھ نگر، گونڈہ اور نیپال کے اسکول و مدارس کے تقریبا 600 طلبہ و طالبات نے حصہ لیا اور سبھی کو سرٹیفکٹ سے نوازا گیا۔

اس مسابقہ میں مسلم کے علاوہ بعض غیر مسلم طلبہ و طالبات نے بھی حصہ لیا، اور ان میں سے کچھ نے ٹاپ 50 میں اپنی جگہ بنائی الحمدللہ، اس مسابقے میں اول پانچ پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات یہ ہیں: پہلی پوزیشن: ذبیح اللہ عبداللہ، متعلم جامعہ الفاروق، اٹوا، دوسری پوزیشن: محمودہ عبدالرشید، متعلمہ جامعہ البنات الصالحات تلسی پور، تیسری پوزیشن: عصمی راشد متعلمہ طاہرہ گرلس انٹر کالج تلسی پور، چوتھی پوزیشن: رمشہ شفق اعجاز احمد متعلمہ مرکز النجاح بالا پور، پانچویں پوزیشن: وقاص شکر اللہ انجمن محمدیہ جروا روڈ تلسی پور نے حاصل کی۔

تقسیم انعامات کے بعد موجود علمائے کرام اور معزز علمی و دعوتی شخصیات کے ہاتھوں طاہرہ گرلس انٹر کالج کے ہاسٹل کی سنگ بنیاد رکھی گئی، الحمدللہ۔

اس پروگرام کو کامیاب بنانے میں سلام ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر سوسائٹی کے مینیجر اسامہ منصور، مولانا محمد شارق سلفی، محمد اسلم اور جملہ اسٹاف نے نمایاں کردار ادا کیا۔ اس پروگرام میں طلبہ و طالبات کے علاوہ بڑی تعداد میں گارجین اور علاقہ کے معززین موجود رہے۔ مجموعی طور سے یہ پروگرام بہت کامیاب رہا ۔ وللہ الحمد۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے