اقلیتوں کے ساتھ ناانصافی سے اداروں پر عوام کا اعتماد کمزور ہوگا: محمد احمد

لکھنؤ: 22 جون (پریس ریلیز): ایس ڈی پی آئی کے سابق لکھنؤ لوک سبھا امیدوار 2024 محمد احمد نے جاری ایک بیان میں کہا کہ ملک میں بڑھتے ہوئے امتیازی سلوک اور دوہرے معیار کے رویے جمہوری اقدار اور آئینی اصولوں کے لیے تشویش کا باعث بنتے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر اسی طرح مخصوص طبقات، بالخصوص اقلیتوں کے ساتھ امتیازی سلوک جاری رہا تو حکومت اور سرکاری اداروں پر عوام کا اعتماد متاثر ہو سکتا ہے، جو کسی بھی جمہوری نظام کے لیے نیک شگون نہیں ہے۔ محمد احمد نے سینئر صحافی ابھیشیک سنگھ کے اس بیان کی بھرپور حمایت کی جس میں انہوں نے عوامی سڑکوں کے استعمال اور مختلف مذہبی و سماجی پروگراموں کے سلسلے میں اختیار کیے جانے والے مبینہ دوہرے معیار پر سوال اٹھایا ہے۔

سوشل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا کے لیڈر و سابق لکھنؤ لوک سبھا امیدوار نے کہا کہ قانون کی نظر میں تمام شہری برابر ہیں، لہٰذا کسی بھی طبقے یا گروہ کے ساتھ امتیازی رویہ اختیار کرنا آئین کے بنیادی اصولوں کے منافی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان کی اصل طاقت اس کی گنگا جمنی تہذیب، مذہبی رواداری اور قومی یکجہتی میں پوشیدہ ہے۔ ملک کی آزادی سے لے کر آج تک مختلف مذاہب، زبانوں اور ثقافتوں کے لوگ مل جل کر ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرتے آئے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ فرقہ پرست اور نفرت پھیلانے والی طاقتیں لاکھ کوششوں کے باوجود ملک کے عوام کے درمیان مستقل نفرت پیدا کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکیں۔ محمد احمد نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ حکومت، عدلیہ اور تمام آئینی ادارے مکمل غیر جانبداری کا مظاہرہ کریں تاکہ ہر شہری خود کو محفوظ اور باعزت محسوس کرے۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ اتحاد، بھائی چارے اور آئین ہند کے بنیادی اصولوں کے تحفظ کے لیے آگے آئیں اور نفرت کی سیاست کو مسترد کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے