مدرسہ بحر العلوم انجمن اسلامیہ کے زیر اہتمام اعزازی تقریب کا انعقاد
نان پارہ، بہرائچ (محمد رضوان گوہرندوی): جس کے ساتھ اللہ تعالیٰ خیر کا ارادہ فرماتا ہے اس کو دین کی سمجھ دیتا ہے، دین کی سمجھ اللہ کی طرف سے ودیعت کردہ سب سے انمول دولت ہے، جس کو دین کا فہم مل جائے اس سے زیادہ خوش نصیب، کامیاب اور دولت مند کوئی ہو ہی نہیں سکتا، طالبان علوم نبوت اور وابستگان دین و شریعت کو ہمیشہ اپنے نصیب و حصہ پر فخر کرنا چاہیے اور اس تقسیم پر جتنا شکر ممکن ہو بجا لانا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار دارالعلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ کے استاذ حدیث اور شعبہ ملحقہ مدارس کے انچارج مولانا کفیل احمد ندوی نے قصبہ نان پارہ میں واقع قدیم تعلیمی اقامتی ادارہ مدرسہ بحر العلوم انجمن اسلامیہ میں منعقد ایک خصوصی اعزازی تقریب کو خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انھوں نے کہا کہ قرآن سیکھنے سکھانے والے سب سے بہتر انسان ہیں، ابھی آپ دین سیکھ رہے ہیں، جب سیکھ جائیں گے تو جہاں جائیں گے دوسروں کو دین کی دعوت دیں گے، دوسروں کی تربیت کریں گے ، ان کے اخلاق و عادات سنواریں گے، معاشرے سے بگاڑ اور فساد کو دور کریں گے، آپ کے اوپر بڑی ذمہ داری عائد ہوگی ، آپ کا مقام بہت بلند، آپ نے سنت و شریعت جاننے کے لئے بڑی قربانی دی ہے، گھر خاندان، دوست احباب، اعزہ اقرباء، والدین اور بھائی بہن سب کو چھوڑ کر آپ نے قرآن و حدیث کی خدمت کو اپنا شعار بنایا ہے، اس پر آپ بڑے اجر کے مستحق بنیں گے، آپ کا انتخاب کوئی معمولی واقعہ نہیں ہے، یہ اتفاقی امر بھی نہیں ہے، بلا شبہ اللہ کا یہ فیصلہ ہمارے لئے خیر کا ضامن ہے، ہم ہمیشہ شکر ادا کریں، اور دعا کریں کہ اللہ ہمیں دین کی دعوت اور خدمت کے لئے قبول کرلے، اس موقع پر مشہور نعت گو شاعر اسعد بستوی اور فخر الاسلام کبیر نگری نے بھی منتخب کلام سے طلبہ کو محظوظ کیا، مدرسہ کے فعال مہتمم مولانا محمد افضل ندوی نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا، دعائیہ کلمات پر تقریب اختتام پذیر ہوئی۔
اس موقع پر مہمان خصوصی مدرسہ تعلیم القرآن سمریاواں سنت کبیر نگر کے مہتمم مولانا منیر احمد ندوی، صدرالمدرسین مولانا غفران احمد ندوی ، مولانا محمد احمد انصار قاسمی، قاری اسرار احمد، مولانا حفیظ الرحمن قاسمی، مولانا محمد رضوان ندوی، مولانا معراج احمد، قاری محمد عامر لکھیم پوری اور ماسٹر آصف وغیرہ خاص طور پر موجود تھے۔
