گلبرگہ 10/ ڈسمبر. (ڈاكٹر ماجد داغی): محترمہ کنیز فاطمہ قمرالاسلام رکن اسمبلی گلبرگہ شمال و صدر نشین کرناٹک سلک انڈسٹریز کارپوریشن لمیٹڈ نے ضلع گلبرگہ کے یڈرامی تعلقہ میں ایک معصوم لڑکی کے ساتھ ہوئے زنا کے واقعہ کی سخت مذمت کی ہے انہوں نے کہا کہ اس واقعہ کی تمام مذاہب کے لوگوں نے بھی سخت مذمت کرتے ہوئے خاطی کو سخت سے سخت سزا دینے بلکہ پھانسی دینے کا مطالبہ بھی کیا ہے اور پولیس اس سلسلے میں تفتیش کرتے ہوئے عوام کو یقین دہانی بھی کروائی ہے کہ مجرم کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے اسے سخت سزا دی جاےگی اور معصوم لڑکی کو انصاف دلایا جاےگا۔ دریں اثناء بنجارہ سماج کے لوگوں نے کچھ سیاسی اور مذہبی شخصیات کے ساتھ ایک احتجاج منظم کیا اور اس احتجاج میں ایک مخصوص طبقہ کو نشانہ بناتے ہوئے ان کی گاڑیوں اور دکانوں پر پتھراؤ کیا گیا جبکہ انتظامیہ نے احتجاج کی اجازت اس شرط پر دی تھی کہ شہر میں کوئی بدامنی نہ ہو اور شہر کی پرامن فضا کو مکدر نہ کیا جائے لیکن احتجاجیوں نے اس کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شہر کے سکون میں رخنہ ڈالنے کی کوشش کی اور مشتعل ہجوم کو قابو کرنے کے لئے پولیس نے لاٹھی چارج بھی کیا۔
انتظامیہ اور پولیس کی اس سلسلہ میں ہورہی سخت کارروائی کے باوجود انتہا پسند تنظیموں اور سیاسی قائدین کی شرپسندوں کے ذریعہ شہر کے ماحول کو خراب کرنے کی سازش قابلِ مذمت ہے۔ ہم اس کی پرزور مذمت کرتے ہیں اور شہریانِ گلبرگہ سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس صورتِ حال میں امن کو برقرار رکھیں اور کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کو تحمل اور صبر کے ساتھ نپٹنے کی کوشش کریں ۔پولیس اس سلسلہ میں اپنا کام کررہی ہے اور کچھ شرپسندوں کو پولیس نے گرفتار بھی کر لیا ہے۔
میں ایک بار پھر عوام سے اپیل کرتی ہوں کہ یہ پولیس اور انتظامیہ پر بھروسہ کریں قانون کو اپنے ہاتھ میں نہ لیں اور شہر کے امن و سکون کو برقرار رکھیں.
