بیدر۔ 11؍ڈسمبر (محمدیوسف رحیم بیدری): جماعتِ اسلامی ہند بیدرکے امیرمقامی جناب محمد معظم صاحب کی حسبِ ہدایت ورہنمائی منگل کو ناظمہ شعبہء خواتین بیدر محترمہ سیدہ ام حبیبہ کی قیادت میں ایک روزہ بیداری پروگرام اور ورکشاپ میں شرکت کے لئے ہارٹی کلچرکالج موقوعہ حیدرآباد روڈبیدر جانا ہوا۔ حسبِ پروگرام27 خواتین شامل تھیں۔ ہارٹی کلچر کالج کیاتھا ایک وسیع وعریض سرزمین پر پھیلا سرسبز، خوشنما پھل پھول والے درختوں ، پودوں سے لدا ہواخوبصورت جنگل اور دلکش منظرتھا۔ بارہ بجے دن پروگرام کی ابتداء مختلف عنوانات پرلیکچر سے ہوئی۔ ہر لیکچر بیس تا پچیس منٹ کے لئے پھل پھول، ترکاریوں کے اُگانے ، دیکھ بھال، سے متعلق معلومات پر مبنی تھا۔ کالج کے پروفیسرس ڈاکٹرانورادھا ، ڈاکٹر پرشانت ایم، ڈاکٹر پراوین جے ، ڈاکٹر عبدالکریم ، ڈاکٹر امبریش ، ڈاکٹر جھانوی نے معلوماتی لیکچر سے نوازا۔ پودوں کی افزائش میں آنے والے تمام مسائل کاحل بھی بتایا۔ خواتین کی پروگرام میں شرکت اور ہر لیکچر کے بعد عنوان سے متعلقہ مناسب سوالات پر کالج کے ذمہ داران نے خوشی کااظہار کیا۔
کالج کے ڈین نے اپنے اظہار خیال میں زائد مرتبہ یہ بات دوہرائی کہ خواتین میں ایسی دلچسپی اور موضوع سے متعلق مربوط سوالات پہلی باردیکھا اور خود سنا۔ پروفیسر ڈاکٹر ایس وی پاٹل ڈین ہارٹی کلچر کالج بیدرنے خواتین کے شوقِ باغبانی کو سراہا۔ آخر میں جماعت کی ناظمہ ء مقامی سیدہ اُمِّ حبیبہ صاحبہ نے آفس وکالج کے تمام ذمہ داران ، پروفیسرس ، اورڈین کا شکریہ اداکیا اور شعبہ ء خواتین کی جانب سے کنڑا میں جماعتی لٹریچر کی ایک ایک کاپی تقریباً ہر پروفیسر کو تحفتاً پیش کی۔ جنہیں ان تمام نے بڑی خوشی سے حاصل کیا۔میواکے ذریعہ خواتین میں باغبانی، اور قدرتی وسائل سے استفادہ کی شکلیں معلوم کرنے اور سیکھنے کایہ ایک زرین موقع رہا۔ اس طرح کے مواقع آئندہ بھی جماعت مختلف ، سماجی اور تعلیمی اداروں سے حاصل کرتی رہے گی۔
اس بات کی اطلاع جماعت اسلامی ہند بیدر نے ایک پریس نوٹ کے ذریعہ دی ہے۔
