بیدر۔ 18ڈسمبر (پریس نوٹ): یارانِ ادب بیدر کے سکریڑی جناب محمدیوسف رحیم بیدری نے ایک پریس نوٹ جاری کرکے محکمہ ء تعلیمات کے وظیفہ یاب افسران اور اردو معلم ومعلمات سے اپیل کی ہے کہ وہ وظیفہ یابی کے ایام میں اردو کی ترقی کے لئے کام کریں تو یہ اردو کی ترقی میں ان کی بہت بڑی حصہ داری ہوگی۔ موصوف نے مزید کہاکہ عمر بھر کسی نہ کسی ایسی تنظیم سے وابستہ رہے جو اساتذہ کے حقوق کے لئے کام کرتی رہی اب وظیفہ یابی کے بعد ضرورت یہ ہے کہ خالص اردو کے لئے کام کیاجائے۔ اردو طلبہ سے ملاقاتیں، ان کے لئے اخبار کی قرأت، اردو خطاطی، اردو مصوری، اردو تحریر اوراردو تقریری مقابلے رکھے جائیں۔ بیت بازی بھی ہوتو مناسب رہے گا۔
جناب یوسف رحیم بیدری نے تجویز پیش کی کہ بیت بازی میں اپنے اپنے ضلع کے شعراء کے اشعارکو بھی طلبہ وطالبات یاد کرکے آئیں اور بیت بازی کے دوران باضابطہ استعمال کریں ۔ ضلعی شعراء کے کم ازکم 20فیصد اشعار بیت بازی میں ہونے کی شرط لگائی جائے۔ اس سے ضلع کے شعراء کوحوصلہ ملے گااور ان کاحق بھی ادا ہوگا۔بہرحال توقع ہے کہ وظیفہ یاب افسران اور وظیفہ یاب معلم ومعلمات اردو زبان وادب کی ترقی وترویج کے لئے کام کریں گے۔
