کے بی این یونیورسٹی، گلبرگہ یونیورسٹی ، نیشنل اور بی بی رضا ڈگری کالج کی طالبات نے حصہ لیا

گلبرگہ: 27/دسمبر: (محمدیوسف رحیم بیدری): طلبہ و طالبات میں اُردو زبان و ادب کے تئیں رغبت پیدا کرنے اور ان کی مخفی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے کے مقصد سے، محبانِ اُردو گلبرگہ نے ہائی اسکول تا پوسٹ گرائجویشن سطح کے اُردو ادبی و تہذیبی مقابلہ جات کا اہتمام کیا ۔ اس سلسلے میں گرائجویشن/ڈی ایڈ اور پوسٹ گرائجویشن /بی ایڈ کی سطح کے تقریری مقابلے 25/دسمبر کو محبانِ اُردو ہال، نزد مسجدِ صالحین، مسلم چوک، گلبرگہ منعقد ہوئے۔ گریجویشن سطح کے مقابلوں میں نیشنل ویمنس ڈگری کالج کی ٹیم، ٹیم پرائز کی مستحق قرار پائی۔ انفرادی انعامات سیدہ صبا فاطمہ بی بی رضا ڈگری کالج(انعام اوّل)، عرشیہ بیگم، نیشنل ویمنس ڈگری کالج(انعام دوّم) اور قدیر النساء، نیشنل ویمنس ڈگری کالج (انعام سوّم) نے حاصل کیے۔ جب کہ پوسٹ گریجویشن کے مقابلوں میں شعبہ اردو کے بی این یونیورسٹی کی ٹیم نے ٹیم پرائز حاصل کیا۔ انفرادی انعامات سائرہ بیگم شعبہ اُردو کے بی این یونیورسٹی (انعام اوّل)، نوشیین فاطمہ، شعبہ اردو گلبرگہ یونیورسٹی (انعام دوم)، ریشماں بیگم (انعام سوم) اور نوشین فاطمہ، شعبہ اردو گلبرگہ یونیورسٹی (ترغیبی انعام) نے حاصل کیا۔ حکم کے فرائض ڈاکٹر غضنفر اقبال، انجینئر خرم عماد سہروردی اور جناب محمد مسیح اللہ رشادی نے انجام دیے۔

ڈاکٹر غضنفر اقبال نے شرکائے مقابلہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سماجی ذرائع ابلاغ نے انسانی زندگی میں مثبت اور منفی اثرات مرتب کئے ہیں۔ ضرورت مثبت اثرات کے حوالے سے کام کرنے کی ہے۔ محبان اُردو گلبرگہ کے زیر اہتمام تقریری مقابلے میں شعبہ اردو و فارسی جامعہ گلبرگہ اور کے بی این یونیورسٹی کی طالبات نے سماجی ذرائع ابلاغ کے موضوع پر دِل نشین اور معلوماتی تقاریر کی ہیں۔ جناب محمد مسیح اللہ رشادی نے اظہار ِخیال کرتے ہوئے کہا کہ ایجادات کا سلسلہ تا قیامت جاری رہے گا۔ہر دور میں سائنس و ٹکنالوجی کی ترقی نے انسانی زندگی کو حیرت زدہ کیا ہے۔ انھوں مقابلے میں طلبہ کی صلاحیتوں کی ستائش کرتے ہوئے مبارک باد دی۔

ڈاکٹر پیرزادہ فہیم الدین صدر محبانِ اُردو نے کہا کہ طلبہ میں صلاحیتوں کے فروغ اور ان میں حوصلہ و اعتماد پیدا کرنے کے ضمن میں اس نوعیت کے مقابلے اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انعام یافتہ طالبات کے ساتھ ڈاکٹر انیس صدیقی نگران کارِ مقابلہ جات، جناب خواجہ پاشاہ انعام دار (نائب صدر)، انجینئر عارف مرزا(شریک معتمد)، ڈاکٹر شمس الدین چودھری (خازن) اور جناب چاند اکبر (معتمد نشر و اشاعت) بھی دیکھے جا سکتے ہیں۔ اس بات کی اطلاع ڈاکٹر غضنفر اقبال صاحب نے دی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے