بیدر۔ 27؍ڈسمبر (محمدیوسف رحیم بیدری): جناب بسواراج سوامی مٹھ پتی جنر ل سکریڑی ضلع کانگریس کمیٹی بیدر نے کانگریس پارٹی کے قدآورقائد اور سابق وزیراعظم جناب من موہن سنگھ کے دیہانت پر شوک پرکٹ کرتے ہوئے کہاکہ ڈاکٹر من موہن سنگھ ہماری کانگریس پارٹی کے پہلی صف کے قائد اور پورے ملک کے سچے رہنماتھے۔ انھوں نے بھارت کواقتصادی طورپر متمول بنایا۔ وہ ماہر اقتصادیات تھے ۔ RBIگورنر تھے لیکن سب سے بڑی بات یہ کہ ہمارے علاقے کلیان کرناٹک کے لئے انھوں نے 371(J)جیسی اہم دستوری شق جاری کی جس کی بدولت ہمارے علاقے کے بچوں کواعلیٰ تعلیم میں تحفظات اور روزگار میں تحفظات حاصل ہورہے ہیں۔اور یہ علاقہ ترقی کرتاجارہاہے۔ جناب بسواراج سوامی نے آگے کہاکہ ہمارے علاقے کابچہ بچہ جانتاہے کہ جس وقت ڈاکٹر ملیکارجن کھرگے مرکزی وزیر تھے، اور بید رکے ایم پی ڈاکٹر این دھرم سنگھ تھے ،اس وقت وزیراعظم کے عہدے پر ڈاکٹر من موہن سنگھ فائز تھے۔ آنجہانی سنگھ نے کلیان کرناٹک کے لئے وہ کام کیاجس کوکرنے سے بی جے پی کے ایل کے اڈوانی اور اس وقت کی بھاجپا قیادت نے انکار کردیاتھا۔ڈاکٹر من موہن سنگھ کی موت کے ساتھ ہی ہم نے ایک سنجیدہ اور کارآمد ماہر اقتصادیات ، ماہر سیاسیات اور شریف النفس انسان کو کھودیا۔ بھگوان ڈاکٹر من موہن سنگھ کی آتما کو شانتی دے۔
