بیدر۔ 2؍جنوری (محمدیوسف رحیم بیدری): اساتذہ اور علم سے دلچسپی رکھنے والوں کے لئے بطور خاص تصنیف شدہ تازہ ترین تفسیر قرآن ’’بیان العلم ‘‘کے مصنف محمد عبد اللہ جاوید صاحب نے اس کا نسخہ مولانا خالد سیف اللہ رحمانی صاحب صدر آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ وناظم المعہد العالی الاسلامی حیدرآباد کی خدمت میں پیش کیا جنہوں نے اس کتاب کا مقدمہ تحریر فرمایا ہے۔مولانا خالد سیف اللہ رحمانی صاحب نے عصری درسگاہوں کے اساتذہ کرام کو قرآن مجید سے وابستہ کرنے کی اس کو ایک کامیاب کوشش قرار دی اور فرمایا کہ علمی و فکری تیاری کے ساتھ اگر عصری درسگاہوں کے طلبہ کو تعلیم دینے والے اساتذہ کرام اور خاص طور سے وہ لوگ جو عوامی درس دیتے ہیں اس کی تعلیم کا اہتمام کریں تو لازماً ہماری ایسی نسلیں تیار ہوں گی جن سے ملک و ملت کی حقیقی خیر خواہی ممکن ہوسکے گی۔اس موقع پر المعہدالعالی الاسلامی حیدرآباد کے استاذ مولانا ارشد قاسمی صاحب اور محمد عرفان منیار صاحب موجود تھے۔بیان العلم میں علم و تعلیم سے متعلق منتخب قرآنی آیات کی تشریح، موجودہ تعلیمی تقاضوں کے پیش نظر، 45 تفاسیر کی روشنی میں کی گئی ہے۔ 506 صفحات پر مشتمل یہ کتاب وھائٹ ڈاٹ پبلشرز دہلی سے حاصل کی جاسکتی ہے. رابطہ کے لیے8447622919 اور whitedotpublishers.com پرفون یا وزٹ کریں ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے