محمد مکی حسنی ندوی
حضرت مولانا سید جعفر مسعود حسنی ندوی رحمۃ اللہ علیہ (۱۹۶۰ء – ۲۰۲۵ء)
حادثہ وفات کی تفصیلات:
حضرت مولانا سید جعفر مسعود حسنی ندوی رحمہ اللہ آج بتاریخ 15جنوری 2025 مغرب کی نماز دائرہ شاہ علم اللہ تکیہ کلاں رائے بریلی میں ادا کرکے اپنے ایک ذاتی کام سے شہر تشریف لے گئے اور اپنے ہمراہ ایوان فریدی کے ایک کارکن جناب عبد القادر کو بھی لے لیا۔
مولانا اپنے کام سے فارغ ہوکر گھر واپس آنے کے لیے گاڑی پر بیٹھنے سے پہلے سویش ہوٹل کے پاس الہ آباد لکھنؤ ہائی وے روڈ پر سڑک کنارے اپنا مفلر ٹھیک ہی کر رہے تھے کہ اسی درمیان عقب سے کسی کار ڈرائیور نے جو نشہ میں مدہوش تھا آکر سخت ٹکر ماری، یہ ٹکر اتنی سخت تھی کہ مولانا موقع پر ہی گر گئے اور اندرونی طور پر شدید چوٹ پہنچی۔
علی الفور مولانا کو رائے بریلی ضلع ہسپتال لایا گیا جہاں ڈاکٹر نے انتقال کی تصدیق کردی۔ انا للّٰہ وانا الیہ راجعون!
الحمد للّٰہ ظاہری طور پر مولانا کے سر وغیرہ پر کوئی ایسی چوٹ نہیں تھی کہ سر زخمی ہوتا یا خون وغیرہ بہتا تاہم ایسی گم چوٹ لگی کہ حرکت قلب بند ہونے سے موقع پر ہی انتقال ہوگیا۔
اللہ کا فضل ہے کہ بغیر کسی بڑی کارروائی کے نعش گھر لے آئی گئی ہے اور انشاء اللہ بتاریخ 16جنوری 2025 بعد نماز ظہر دو بجے مولانا کے آبائی قبرستان تکیہ کلاں رائے بریلی میں تدفین ہوگی۔
