- ماہ اپریل میں ہوگا ملکی پیمانے پر اجلاس عام کا انعقاد: حافظ عبد المتین بستوی ناظم ضلعی جمعیت اہل حدیث بستی
- مدرسہ مصباح العلوم پرسا قطب میں ضلعی جمعیت اہل حدیث بستی کی خصوصی میٹنگ
مورخہ 3 / فروری 2025ء بروز سوم بعد نماز ظہر مدرسہ مصباح العلوم پرسا قطب میں ضلعی جمعیت اہل حدیث بستی کی ایک اہم مشاورتی میٹنگ ہوئی، جس ضلعی جمعیت اہل حدیث بستی کی اراکین عاملہ کے علاوہ بیرون ضلع کے چند معزز افراد کی شرکت ہوئی۔ اس میٹنگ کی صدارت شیخ محمد ابراہیم مدنی نائب امیر صوبائی جمعیت اہل حدیث مشرقی یوپی نے کی۔ تلاوت کلام پاک سے میٹنگ کا آغاز ہوا، بعدہ حافظ عبد المتین بستوی ناظم ضلعی جمعیت اہل حدیث بستی نے تمام افراد جماعت کا استقبال کرتے ہوئے سبھوں کا شکریہ ادا کیا اور ضلعی جمعیت اہل حدیث بستی کی کارکردگی کی مختصر رپورٹ پیش کرتے ہوئے جمعیت کو مزید فعال بنانے اور مکاتب و مدارس کی ترویج و ترقی کے لیے چند اہم تجاویز پیش کیں، جن میں سب سے اہم بات یہ رہی کہ مکاتب اسلامیہ کے بقا و تحفظ کی خاطر اور موجودہ دل خراش حالات کے پیش نظر مدارس و مکاتب کے کاغذات بالخصوص زمینی کاغذات کو درست کرانے کے لیے مضبوط مہم چلانے کی بات رکھی اور تعلیم و تربیت کو مزید فروغ دینے کے لیے مکاتب اسلامیہ کے طلبہ و طالبات کے کے مابین آئندہ سال سے سالانہ تعلیمی مسابقہ کرانے کے لیے اپنے عزم کا اظہار کیا۔ اس کے بعد ضلع بستی کے مختلف گاؤں میں چھوٹے چھوٹے دینی و تبلیغی پروگرام کے انعقاد پر زور دیا، بعدہ ملکی پیمانے پر ایک سالانہ اجلاس عام و کانفرنس کے انعقاد کو لے کر مشورہ طلب کیا۔ شرکائے مجلس سے بھر پور تائید کی اور اجلاس عام کی جگہ کے لیے تمام حاضرین مجلس کی نظر انتخاب موضع کوہنڈا پر جاکر مرکوز ہوئی، مجلس میں موجود مولانا عبد المجید صاحب متوطن کوہنڈا نے اس فیصلے کا خیر مقدم کیا اور ذمہ داران جمعیت کا شکریہ ادا کیا اور بڑی کشادہ قلبی کے ساتھ جمعیت تئیں بے لوث محبت کا ثبوت دیتے ہوئے اجلاس عام کی ضیافت کی ذمہ داری اٹھانے کی بات رکھی اور یہ کہا کہ ہمارے گاؤں والے جملہ مشارکین و مدعوئین کی ضیافت کے ساتھ اسٹیج و ٹینٹ وغیرہ کے انتظام و انصرام کی بھی ذمہ داری اٹھائیں گے۔ تمام حاضرین مجلس کے مشورے اور اتفاق سے اجلاس عام کی تاریخ 27 اپریل 2025ء متعین کی گئی۔
علاوہ ازیں جمعیت اہل حدیث بستی کو اقتصادی طور پر مضبوط اور فعال بنانے پر بھی بات آئی، جس پر صدر مجلس نے کہا کہ آج جمعیت کے جملہ افراد کو بصورت ممبر نہیں بلکہ بحیثیت ذمہ دار کام کرنے کی ضرورت ہے۔ اس میٹنگ میں مستقل طور پر جمعیت کے لیے آفس کے قیام کی بھی بات ہوئی اور صدر مجلس کی جانب سے یہ تجویز رکھی گئی کہ جمعیت اہل حدیث بستی کی قدیم ترین امانت بصورت اصل واپس لی جائے یا پھر یوں ہی کسی سرکاری دستاویز پر اندراج کرتے ہوئے قبضہ حاصل کیا جائے اور اگر یہ دونوں صورتیں عمل میں نہیں آتی ہیں تو پھر مارکیٹ ریٹ کے حساب سے اس کی قیمت لی جائے اور پھر کہیں دوسری جگہ کوئی نئی زمین خرید کر دفتر کا قیام عمل میں لایا جائے۔ اخیر میں امیر مجلس نے یہ تجویز بھی رکھی کہ جملہ ممبران و عہدے داران پر سالانہ فیس کا نفاذ کیا جائے تاکہ اس کے ذریعہ جمعیت کو مضبوط تربنانے میں مدد مل سکے۔ مجلس میں شریک دیگر معززین نے بھی اپنی اپنی باتیں رکھیں بالخصوص مولانا عبد المنان مفتاحی، مولانا ابرق ساجدی اور جناب نصر اللہ صاحب متوطن نواگاوں نے بھی اپنے مشاہداتی و تجرباتی جذبات کا اظہار کرتے ہوئے اپنے اپنے گراں قدر مشورے پیش کیے۔ بعد ازیں دعائیہ کلمات کے ساتھ مجلس کے اختتام کا اعلان کیا گیا۔ اس مشاورتی مجلس و میٹنگ میں مذکورہ افراد کے علاوہ دیگر معززین نے بھی شرکت کی بالخصوص مولانا مبارک علی فیضی نائب امیر جمعیت اہل حدیث بستی، مولانا ابرق ساجدی فیضی نائب ناظم، جمعیت مولانا عبد الجلیل قاسمی سابق امیر، ماسٹر عبد القدوس پرسا قطب، ماسٹر ابو بکر دھوسڑ، مولانا عبدالصمد پینڑی، مولانا عبدالمجید کوہنڈا، جلال الدین کوہنڈا، عبد الاول پکری، مولانا عبدالسلام مظہری، جناب نصر اللہ صاحب نوا گاؤں، جناب عبدالمتین پردھان صاحب وغیرہم کے علاوہ جملہ ممبران واراکین جمعیت نے کثیر تعداد میں شرکت فرماکر میٹنگ کو کامیاب بنانے میں اہم کرادر ادا کیا۔
