ہمیں مذہب، ذات، رنگ و نسل سے اوپر اٹھ کر انسانوں کی خدمت کرنی چاہئے: الفلاح فاؤنڈیشن
اعظم گڑھ، 22 فروری (نامہ نگار): صوبہ جھارکھنڈ کے واسع پور رہائشی جگدمبا پرساد کے لئے آج خون عطیہ کی معروف تنظیم الفلاح فاؤنڈیشن (بلڈ ڈونیٹ گروپ) رحمت بن کر سامنے آئ۔ تنظیم کے رکن عبداللہ انیس نے الفلاح فاؤنڈیشن کے بانی ذاکر حسین کے کہنے پر ضلع اعظم گڑھ واقع صدر بلڈ بینک میں جاکر اپنا خون جھارکھنڈ جگدمبا پرساد کیلئے خون عطیہ کیا۔
اس موقع پر جگدمبا پرساد کے اہل خانہ بھی موجود رہے۔ انہوں نے عبداللہ انیس سمیت الفلاح فاؤنڈیشن کی پوری ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔اس کیس میں الفلاح فاؤنڈیشن بانی ذاکر حسین، الفلاح فاؤنڈیشن نظام آباد یونٹ کے عامر آعظمی،الفلاح فاؤنڈیشن مبارک پور یونٹ کے یاسر نواز اور الفلاح فاؤنڈیشن شاہ گنج یونٹ کے اسماعیل شیخ اور مرشد جاوید نے اپنا اہم رول ادا کیا۔اس کے علاوہ شاہد اور ساحل میں دیگر کیس میں بھی بلڈ ڈونیٹ کیا۔ کیس کے بعد الفلاح فاؤنڈیشن نے میڈیا کے لئے جاری پریس ریلیز میں اس بات کی اطلاع دی۔
تنظیم کے بانی اور الفلاح فاؤنڈیشن کے روح رواں ذاکر حسین نے کہا کہ اس طرح کی باتیں میڈیا میں آنی چاہئے، تاکہ لوگوں کے درمیان محبت قائم ہو۔ آج عبداللہ انیس نے انسانیت کیلئے ایک پیغام دیا کہ ہمیں مذہب سے اوپر اٹھ کر لوگوں کی مدد کرنی چاہیے اور اس بات کی تعلیم ہمیں اسلام بھی دیتا ہے۔
