بارہ بنکی، (ابوشحمہ انصاری): رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں ایک روح پرور منظر اس وقت دیکھنے کو ملا جب کم سن بچوں نے اپنا پہلا روزہ رکھا۔ یہ لمحہ نہ صرف ان بچوں کے لیے ایک یادگار تجربہ تھا بلکہ ان کے والدین اور اہل خانہ کے لیے بھی بےحد خوشی کا باعث بنا۔
پہلا روزہ رکھنے والوں میں یاسر عمار ابن مولانا رفیع قاسمی (عمر 9 سال) اور محمد یونس ابن محمد لٸیق شامل ہیں۔ دونوں بچوں نے سحری کے وقت جاگ کر روزہ رکھا اور شام کو افطار کے وقت والدین اور عزیز و اقارب کی محبتوں میں گھِر گئے۔ اس موقع پر والدین نے بچوں کو تحائف دیے اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔
مولانا رفیع قاسمی نے اس موقع پر کہا کہ اگرچہ ابھی ان معصوم بچوں پر شرعی طور پر روزہ فرض نہیں، مگر والدین کی جانب سے بچوں میں نماز اور روزے کا شوق پیدا کرنا ایک مثبت قدم ہے، جو انہیں نیک اور دیندار بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔
بچوں کی پہلی افطار پر ان کے اہل خانہ کی خوشی قابلِ دید تھی۔ والدین اور رشتہ داروں کی آنکھوں میں خوشی کے آنسو جھلک رہے تھے، کیونکہ اتنی کم عمری میں بغیر کچھ کھائے پیے پورا دن گزارنا واقعی ایک بڑی بات ہے۔ سب نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ان معصوم بچوں کا روزہ قبول فرمائے اور انہیں دین پر ثابت قدم رکھے۔
مبارکباد دینے والوں میں بلدیاتی رکن محمد نعیم، صحافی صغیر امان اللہ، حاجی محمد اسرار، حاجی جمیل، حاجی پرویز عالم، اور بنکر سرو سماج کے صوبائی صدر ذبیح الدین انصاری سمیت کئی معزز شخصیات شامل تھیں۔
