دل کی عمیق گہرائیوں سے مبارکباد: مولاناحافظ و قاری شاہ محمد فخرالدین مانیال
گلبرگہ ۔ 16؍مارچ (ڈاکٹر ماجد داغی ؔ): مولانا حافظ و قاری شاہ محمد فخرالدین مانیال صدر جماعت اہل سنت کرناٹک شاخ گلبرگہ جنرل سیکریڑی بھارت ایکتا منچ گلبرگہ نے اپنے ایک صحافتی بیان میں کہا ہے کہ تقدس مآب حافظ سید شاہ علی الحسینی صاحب قبلہ سجادہ نشین بارگاہ حضرت خواجہ بندہ نواز و چانسلر خواجہ بندہ نواز یونیورسٹی گلبرگہ ہمہ جہت علمی، روحانی، تنظیمی اور غیر معمولی صلاحتیوں کی حامل باکمال شخصیت ہیں۔ خواجہ دکن حضور سیدنا خواجہ بندہ نواز گیسو دراز رحمۃ اللہ علیہ کے علمی روحانی مشن و تعلیمات کو بحسن وخوبی چلا رہے ہیں۔
مولانا نے مزید کہا کہ حضرت خواجہ بندہ نواز رحمۃ اللہ علیہ کی بارگاہ کے تحت جو تعلیمی ، خانقاہی، رفاہی خدمات انجام دی جارہی ہیں پورے ملک میں اسکی نظیر نہیں ملتی ۔ تقدس مآب حافظ سید شاہ علی الحسینی صاحب قبلہ کی عظیم المرتبت شخصیت اور گراں قدر خدمات سے لاکھوں لوگ فیضیاب ہورہے ہیں۔ وہ اپنے اسلاف کرام کے پر تؤ کامل اور فیضان بندہ نوازی کے مظہر اتم ہیں۔ ایسی عظیم المرتبت باکمال شخصیت کا کرناٹک وقف بورڈ چیر مین منتخب ہونا صوبہ کرناٹک کے مسلمانوں کے لئے نہایت خوش آئندہ بات ہے۔ موجودہ حکومت نے حافظ سید شاہ علی الحسینی صاحب قبلہ کو کرناٹک وقف بورڈ چیرمین منتخب کرکے نہایت کامیاب فیصلہ لیا ہے۔ ہم صدر اے آئی سی سی ڈاکڑ ملیکا رجن کھرگے جی، وزیر اعلیٰ شری سدرامیا جی اور نائب و زیر اعلیٰ شری ڈی کے شیو کمارجی، ضلع نگر انکار وزیر گلبرگہ پرینک کھرگے جی، رکن اسمبلی گلبرگہ (شمال ) محترمہ کنیز فاطمہ کے علاوہ کانگریس کے تمام قائدین کا دل کی گہرائیوں سے شکر ادا کرتے ہیں اور حافظ سید شاہ علی الحسینی صاحب قبلہ چا لیس سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ بلا مقابلہ کرناٹک وقف بورڈ کے چیر مین منتخب ہونے پر دل کی گہرائیوں سے مبارک باد پیش کرتے ہیں۔
مولانا نے کہا کہ حافظ سید شاہ علی الحسینی صاحب قبلہ اوقافی امور پر گہری نظر رکھتے ہیں۔ وقف املاک و جائیداد اور وقف کے تمام تر اداروں کی صورت حال سے پوری طرح آگاہ ہیں۔ درگاہوں، خانقاہوں، عیدگاہوں ، مسجدوں کو درپیش اوقافی مسائل سے اچھی طرح واقف ہیں اور ان مسائل کو حل کرنے کی بہترین صلاحیت رکھتے ہیں۔ہمیں قوی یقین ہے کہ حضرت حافظ سید شاہ علی الحسینی صاحب قبلہ اپنی غیر معمولی صلاحیتوں کے ذریعے کرناٹک وقف بورڈ کو ملک کا مثالی وقف بورڈ بنا ئیں گے ریاست بھر میں موجود درگاہوں، عیدگاہوں، مسجدوں ، خانقاہوں اور وقف اداروںکو درپیش مسائل بہ حسن و خوبی حل کریں گے اور وقف کے حقیقی منشا ء و مقصد کو پورا کریںگے اور وقف ادارے کے تحت مسلمانوں کو خاطر خواہ فائدہ پہنچائیں گے۔
