چٹگوپہ۔ 27؍مئی (محمدعبدالقدیر لشکری): ضلع بیدر سے حج کی ادائیگی کے لئے گئے ہوئے چند خوش نصیب عازم ِ حجاج میںجناب محمدراجے صاحب عرف گورے ولد بڑے صاحب مرحوم ، ساکن پرتاپور ، تعلقہ بسواکلیان ، ضلع بیدربھی شامل تھے۔ جو 26؍مئی بعدنمازعشاء قلب پر شدید حملہ کے باعث مکہ مکرمہ سے سیدھے رب کریم کے حضور پہنچ گئے۔ انا للہ وانا الیہ راجعون ۔ وہ 65سال کے تھے اور اپنی اہلیہ کے ساتھ فریضہ ء حج کی ادائیگی کے لئے نہایت ہی خشوع وخضوع کے ساتھ گئے ہوئے تھے ۔ ایک ہفتہ مدینہ منورہ میں زیارت مسجد نبوی اور دیگر مقامات مقدسہ کی زیارت کے بعد وہ مکہ مکرمہ پہنچے تھے کہ یہ حادثہ پیش آیا۔ مرحوم کے پسماندگان میں اہلیہ ، تین لڑکے محمد سلطان، محمد سلام ، محمدتبریز اور اکلوتی لڑکی شامل ہیں۔ اُن کے اکلوتے دامادسیدقدیر کا تعلق بیدر تعلقہ کے موضع منااکھیلی سے ہے۔ وہ رکن گرام پنچایت ہیں۔ سابق میں منااکھیلی گرام پنچایت کے نائب صدررہ چکے ہیں۔جناب سیدقدیر کے مطابق محمد راجے صاحب عرف گورے بھائی کی تدفین آج 27؍مئی بعدنماز ظہر مکہ مکرمہ میں عمل میں آئی۔ واضح رہے کہ اللہ تعالیٰ کاوعدہ ہے کہ جو شخص جس حال میں انتقال کرچکاہوگااس کو اسی حال میں اٹھایاجائے گا۔کوئی احرام پہنے ہوئے فوت ہوگا تو اس کو اسی حال میں اٹھایاجائے گا۔ کئی افراد ہیں جو مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ میں انتقال کرجانے اور وہیں سپردلحد (دفن) ہونے کی تمنا کرتے ہیں۔ ایسے ہی خوش نصیب افراد میں محمدراجے صاحب عرف گورے بھائی بھی آج شامل ہوگئے ہیں۔ ان کی موت واقعی قابل ِ رشک ہے۔
