بیدر۔ 27؍مئی (محمدیوسف رحیم بیدری): باوثوق ذرائع کے بموجب ڈاکٹر محمد اطہر الحق ولد الحاج عبدالحق صاحب مرحوم، مؤظف ہیڈماسٹر بھالکی (ساکن بیدرشریف) بہ عمر 55سال کل 26؍مئی پیر کی صبح حیدرآباد کے ایک اسپتال میں انتقال کرگئے۔ وہ دیڑھ دوماہ سے بیمارچل رہے تھے اور شریک ِ دواخانہ تھے۔ ان کی نماز ِ جنازہ بعدنماز عصر حیدرآبادہی میں اداکی گئی اور وہیں کے قبرستان میں انھیں سپردِ خاک کردیاگیا۔ پسماندگان میںاہلیہ (ڈاکٹر) ، ایک لڑکی اور ایک لڑکاشامل ہیں۔
مرحوم جس وقت ڈاکٹری کی تعلیم حاصل کررہے تھے، دینِ اسلام کی اشاعت کاان پر جنون سوار تھا۔ وہ ایک ایسا وقت تھا،جب ڈاکٹر ذاکر نائک ابھی ابھی اپنی تقاریر کا آغاز کرچکے تھے۔ ڈاکٹر محمد اطہر الحق بیدر شہر ہی نہیں ضلع کے مزید دوتین مقامات پر ڈاکٹر ذاکر نائک کے دینی ویڈیوکیسٹ پورے جوش وخروش سے لوگوں تک پہنچایاکرتے تھے۔ دعوتِ دین سے متعلق وہ بڑے پرجوش اورکھلے ذہن کے تھے۔ اللہ تعالیٰ ان کی اس خدمت کے عوض اُن کی مغفرت فرمائے ۔ جنت الفردوس عطاکرے۔ لواحقین کو صبر جمیل کی توفیق دے۔ واضح رہے کہ ڈاکٹر محمد اطہر الحق اس وقت ڈاکٹر بنے تھے جب بیدرشہر میںمسلمان ڈاکٹر وں کاقحط پڑا ہواتھا۔
