سید حافظ علی الحسینی سے لکشمن دستی، ڈاکٹر ماجد داغی ،سید راؤف قادری و دیگر کی ملاقات
کلبرگی 8 / جون: علاقہ کلیان کرناٹک کے طلباء سمیت تمام لوگوں کی موجودہ دس سالہ تقریبات کے موقع پر آئین کے آرٹیکل 371 (جے) اور کلیان کرناٹک کی ترقی کے بارے میں تبادلہ خیال کیا جارہا ہے، جو ایک طویل جدوجہد اور جرات مندانہ سیاسی عزم کے بعد علاقہ کلیان کرناٹک کے لئے نافذ ہوا ہے۔
حضرت حافظ سید محمد علی الحسینی سجادہ نشین بارگاہ حضرت خواجہ بندہ نو، چانسر خواجہ بندہ نواز یونیورسٹی و صدر نشین کرناٹک اسٹیٹ بورڈ آف اوقاف نے اپنے دفتر بارگاہِ بندہ نواز میں کلیان کرناٹک ہوراٹا سمیتی کے ایک وفد سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ کلیان کرناٹک ہوراٹا سمیتی کی جانب سے کلیان کرناٹک کے لئے حاصل خصوصی مراعات کے لیے کی گئی جد وجہد اور 371 (جے) کی منظوری و نفاذ سے متعلق بیداری پیدا کرنا بہت ضروری ہے۔سجادہ نشین نے کہا کہ یہ معاملہ اس علاقہ کی مجموعی ترقی کے لئے بڑی اہمیت کا حامل ہے انہوں نے کہا کہ اس خصوص میں ان کے ادارے اور یونیورسٹی کا مکمل تعاون حاصل رہے گا ۔ انہوں نے کہا کہ کالج کے سربراہوں اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے معززین کا اجلاس جلد از جلد طلب کیا جائے گا اور سبھی کی سفارشات اور کمیٹی کے منصوبے کے مطابق ڈویژنل سنٹر کلبرگی سے ہی اس بیداری مہم کا آغاز کیا جائے گا۔
کلیان کرناٹک ہوراٹا سمیتی کے صدر ڈاکٹر لکشمن دستی نے حضرت محمد علی الحسینی سجادہ نشین بارگاہ حضرت خواجہ بندہ نواز سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فضل علی کمیشن کی رپورٹ کے مطابق کلیان کرناٹک کو 1956 میں ریاست کرناٹک میں شامل کیا گیا تھا۔ اس کی پس ماندگی کو تسلیم کرنے کے باوجود حکومتوں کی جانب سے کوئی خاص مراعات حاصل نہیں تھے تاہم آئین کے آرٹیکل 371 (جے) کے نفاذ کے بعد ریاست کرناٹک میں کلیان کرناٹک کے لئے پیشہ ورانہ کورسوں اور سرکاری ملازمتوں میں تحفظات کی وجہ اس علاقہ کی تیزی سے ترقی کی توقع نظر آرہی یے۔
آرٹیکل 371 (جے) کے نفاذ کے دس سال کی تکمیل کے موقع پر منائے جارہے تقریبات سے اس علاقہ کی عوام میں بیداری پیدا کی جارہی ہے کہ وہ 371 (جے) سے بھرپور استفادہ کریں ، یہ قانون پسماندہ کلیان کرناٹک کی ترقی کے لئے ایک امید کی کرن ہے ، کلیان کرناٹک ہوراٹا سمیتی یہ ضروری سمجھتی ہے کہ کلیان کرناٹک کے ساتوں اضلاع میں بیداری مہم چلائی جائے اور عوام میں بیداری پیدا کی جائے کہ وہ اس قانون سے مستفید ہوں ۔
اس موقع پر سید شاہ تقی اللہ حسینی مدیرِ اعلیٰ روز نامہ کے بی این ٹائمز اور عہدیدارانِ سمیتی ، نائب صدر سمیتی ڈاکٹر ماجد داغی ، ڈاکٹر بسوراج کمنور، جناب سید راؤف قادری، جناب اسلم چونگے، ڈاکٹر منظور احمد دکنی و دیگر موجود تھے۔
