(پہانی: مدرسہ رحمانیہ میں منعقدہ تقریب کا ایک منظر)

مدرسہ رحمانیہ پہانی میں اعزازی تقریب کا انعقاد ، پوزیشن لانے والے طالب علم محمد معاذ کی حوصلہ افزائی

 ہردوئی: ۲۱؍جون (نامہ نگار):  مجلس ریاض الابرارکے زیراہتمام منعقدہ عظیم الشان اسلامی کوئز برائے ضلع ہردوئی میں قصبہ پہانی میں واقع مدرسہ رحمانیہ بڑاکنواں کے طالب علم محمد معاذ کی دوم پوزیشن حاصل کرنے پر ناظم مدرسہ مولانا عطاء اللہ قاسمی نے اعزازی تقریب کا انعقادکیا، جس میں مولانا محسن الدین قاسمی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ادارہ کی نیک نامی اور کامیابی اساتذہ کی محنت کا نتیجہ ہوتی ہے، انہوں نے کہا کہ سات سو مساہمین کے درمیان مدرسہ رحمانیہ کے طالب علم کی دوم پوزیشن آنا یہ باعث مسرت ہے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ شب مدرسہ رحمانیہ پہانی میں محمد معاذ کی دوم پوزیشن آنے پر ناظم مدرسہ مولانا عطاء اللہ قاسمی نے اعزازی تقریب کا انعقادکیاجس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے حافظ کلیم اشرفی نے شرکت کی ،انہوں نے کہا ہمیں اس بات سے بے پناہ مسرت ہورہی ہے کہ جس چیز کی ہم نے تخم ریزی کی تھی ،اللہ تعالیٰ نے اس کو پورے ضلع میں کامیابی اور کامرانی سے نوازا،اس پر ہم رب تعالیٰ کے بے حد شکر گزار ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مولانا محسن الدین قاسمی امام وخطیب مسجد حفصہ نے کہا کہ شب وروز کی محنت اور خداتعالیٰ سے امید واثق ہونے کی صورت میں نعمتوں کی بارش ہوتی ہے، مدرسہ رحمانیہ کے اساتذہ نے محنت کی بچوں کی تیاری کرائی ،اللہ پاک نے اس کا بہتر اجرعطاکیا۔دریں اثنامفتی محمد اخلاق قاسمی نے ذمہ داران ،اساتذہ اور طلبہ کو مبارک باد پیش کی ۔ تقریب کا آغاز ابوطلحہ کی تلاوت سے ہواجبکہ نعت کا نذرانہ عبدالرحمن نے پیش کیا۔ نظامت کے فرائض مفتی عبدالوہاب قاسمی نے انجام دیے، مولانا زعیم الاسلام نے حاضرین کا شکریہ اداکیا۔

اس موقع پر مفتی عبدالوارث، مولانا معین الدین، قاری محمد راشد، حافظ محمد انصاربلگرامی موجود رہے۔ ان کے علاوہ کثیرتعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے