ظہیرآباد۔ یکم / جولائی(مشرقی  آواز جدید): شہر کے باشعور اور ذمے دار شہریوں ، سماجی  و سیاسی کارکنوں  کی گزارش  پر تلنگانہ فریڈم فائٹر جاں نثار معین  تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ و وزیر برائے حیوانات و ماہی پروری، جناب انمولا ریونت ریڈی سے  اپیل کی ہے۔موجودہ مویشی منڈی کی رہائشی علاقوں سے منتقلی اور اس کی جگہ رعیتو بازار  قیام کی تجویز  کی ہے۔جس سے شہری فلاح و بہبود اور مقامی معیشت    کو فروغ  ہوگا۔ مویشی منڈی کا موجودہ محل وقوع کئی اعتبار سے باعثِ تشویش بن چکا ہے۔ منڈی حساس مذہبی و سماجی مقامات کے قریب واقع ہے، جن میں عیدگاہیں، مساجد، درگاہیں، قبرستان اور شمشان گھاٹ شامل ہیں۔  منڈی کی سرگرمیوں سے عوامی سکون میں خلل ہو رہا ہے۔  صحتِ عامہ، ماحولیات اور شہری نظم و نسق پر بھی منفی اثر ات   پیدا ہو رہے ہیں۔  جانوروں کے فضلے کی عدم صفائی، بدبو، مکھیاں، اور دیگر کیڑے مکوڑوں کی افزائش سے بیماریاں پھیلانے کا سبب بن رہے ہیں۔  بچوں، بزرگوں معذورین  اور خواتین  کے لیے ایک مستقل اذیت کا باعث  ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ، ٹریفک جام، شور کی آلودگی اور صفائی کے ناقص انتظامات بھی ایک سنگین شہری بحران کی صورت اختیار کر چکے ہیں۔
  مذکورہ مسائل کی بنا پر  مویشی منڈی کو شہر کی حدود سے باہر کسی موزوں، انفراسٹرکچر سے لیس مقام پر منتقل کیا جائے جہاں ضابطے کے مطابق صفائی، سیکیورٹی اور دیگر انتظامات ممکن ہوں۔ ساتھ ہی ساتھ، اسی مقام پر ایک جدید ’رعیتو بازار‘ قائم کر نے کی تجویز دی گئی ہے، جو حکومت کے اشتراک سے چلنے والی کسانوں کی مارکیٹ ہوگی۔  رعیتو بازار کا قیام مقامی شہیروں کے لیے روزمرہ کی تازہ اور معیاری زرعی اجناس کی فراہمی کو آسان بنائے گا، جب کہ کسانوں کو راست اپنی پیداوار فروخت کرنے کا موقع فراہم کرے گا، جس سے مڈل مین کا کردار ختم ہوگا اور کسانوں کو منصفانہ نرخ حاصل ہوں گے۔اپیل میں درج فوائد میں خاص طور پر درج ذیل نکات شامل کیے گئے ہیں:
• صحت و صفائی میں بہتری: جانوروں کے فضلے اور غلاظت سے پیدا ہونے والی بیماریوں سے بچاؤ ممکن ہوگا۔
• ماحولیاتی تحفظ: منڈی کی بے قاعدہ سرگرمیوں سے پیدا ہونے والی آلودگی میں کمی آئے گی۔
• اقتصادی استحکام: رعیتو بازار مقامی تجارت کو فروغ دے گا اور روزگار کے مواقع پیدا کرے گا۔
• کسانوں کا بااختیار ہونا: براہ راست فروخت سے کسانوں کو زیادہ فائدہ ہوگا اور زرعی معیشت کو نئی طاقت ملے گی۔
اہلِ ظہیر آباد نے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کی بصیرت افروز قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ وہ اس عوامی مفاد کی تجویز کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے فوری اقدامات کریں گے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ اقدام نہ صرف موجودہ مسائل کا حل ہوگا بلکہ شہر کو ایک صحت مند، صاف ستھرا اور اقتصادی لحاظ سے فعال شہر بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت بھی ثابت ہوگا۔رہائشیوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ اس اہم مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر لے کر جلد از جلد مویشی منڈی کی منتقلی اور رعیتو بازار کے قیام کے منصوبے کو عملی جامہ پہنائے، تاکہ  عوام ایک بہتر شہری زندگی گزار سکیں۔۔۔۔۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے