بیدر۔ یکم جولائی(شاروق حسن قادری): ریاستی شہری انتظامیہ اور حج کے وزیر رحیم خان نے کہا کہ کرناٹک حکومت کی جانب سے عوام کے مسائل وہیں پر حل کرنے کے لیے شروع کیا گیا "جن سپندھن” ایک اہم اور مقبول عوامی پروگرام ہے۔وہ منگل کو ضلع انتظامیہ، ضلع پنچایت اور ضلع پولیس محکمہ کے اشتراک سے جنواڑ ناد کچہری احاطہ میں منعقدہ تعلقہ سطح کے ’جن سپندھن‘ پروگرام کا افتتاح کرنے کے بعد خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ جنواڑ علاقے میں عوام کو درپیش جو بھی مسائل ہوں، ان کے حل کے لیے تمام محکموں کے افسران موقع پر موجود رہیں گے اور براہ راست عوام سے ملاقات کر کے ان کے مسائل کا ازالہ کریں گے۔وزیر نے اعلان کیا کہ جنواڑ میں 5 کروڑ روپے کی لاگت سے ایک سرکاری اسپتال تعمیر کیا جا رہا ہے، جب کہ کئی سڑکوں کی تعمیر کا کام بھی جاری ہے۔ اے اور بی زمرے کی خدمات بھی جلد ہی پنچایت سطح پر فراہم کی جائیں گی۔رحیم خان نے کہا کہ پانچ گارنٹی اسکیموں کے تحت کسی بھی بروکر یا درمیانی شخص کے بغیر، مستحقین کو براہ راست فائدہ پہنچایا جا رہا ہے، جس سے عوام کے معیار زندگی میں بہتری آئی ہے۔

ڈپٹی کمشنر شلپا شرما نے اس موقع پر کہا کہ "جن سپندھن” عوام کے لیے نہایت مفید پروگرام ہے، جس سے عوام کو موقع پر ہی اپنے مسائل کا حل مل رہا ہے۔پروگرام کے دوران کل 253 درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں سڑک، رہائش، پانی، ٹرانسپورٹ، بجلی، زمین، سیوریج و صفائی، پنشن، راشن کارڈ، گنگا کلیان اسکیم کے تحت بورویل، معذوری سرٹیفکیٹ اور جنواڑ مین روڈ پر موجود شراب کی دکان کی منتقلی جیسے مسائل شامل تھے۔متعدد درخواستوں کو موقع پر ہی حل کیا گیا جبکہ باقی درخواستوں کو 7 دن کے اندر حل کرنے کے لیے متعلقہ افسران کو ہدایت دی گئی۔ضلع پنچایت کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر گریش بدولے نے کہا کہ ان کے دائرہ کار کے مسائل میں سے کچھ پہلے ہی حل کیے جا چکے ہیں، باقی کو بھی جلد از جلد حل کر کے پروگرام کو نتیجہ خیز بنایا جائے گا۔

اس موقع پر بیواؤں کو سرکاری حکم نامے، پردھان منتری آواس یوجنا کے تحت منظور شدہ مستحقین کو مکان کے حقوق کے دستاویزات اور روزگار گارنٹی اسکیم کے تحت جاب کارڈز تقسیم کیے گئے۔اس پروگرام میں ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ پردیپ گْنٹی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر ایشور اْلاگڈّی، میونسپل کونسل صدر محمد غوث، ضلع گارنٹی عمل درآمد کمیٹی صدر امتراؤ چمکوڑے، بیدر اسسٹنٹ کمشنر محمد شکیل، بیدر تحصیلدار ڈی مہت، تعلقہ پنچایت افسر مانک راؤ پاٹل، ناد تحصیلدار اشوک راجگیرہ، ضلع دفتر کے شیراستیدار کرن کمار، جنواڑ گرام پنچایت صدر ویجیانتیبائی اور دیگر افسران و مقامی دیہی عوام بڑی تعداد میں موجود تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے