اناؤ: (محمد جنیدقاسمی)۴؍ستمبر: گزشتہ روز ضلع اناؤ کے پوروہ میں واقع مدرسہ دارالعلوم ضیاء القرآن میں دوطالب علموں نے حفظ قرآن کی تکمیل کی سعادت حاصل کی ۔ اس موقع پر مدرسہ مذکورمیں ’تکمیل حفظ قرآن‘ کی تقریب منعقد کی گئی ۔ تفصیلات کے مطابق مدرسہ دارالعلوم ضیاء القرآن پوروہ میں محمد شعبان ولد محمد عرفان مرحوم اور محمد ولید بن محمد رئیس نے حفظ قرآن کی تکمیل کی۔اس موقع پر ناظم مدرسہ مولانا احمد علی سعادتی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ  قرآن کریم ! یہ اللہ پاک کا کلام ہے، جو دین و دنیا کے لئے کامل تر ین ہدایت جا مع دستور اور نور کامل ہے ، قرآن کریم ہی ہے۔ جب کہ تمام عالم کفر و ضلالت اور جہالت کی تاریکیوں میں گھرا  ہوا تھا، یہ نور کامل فاران کی چوٹیوں سے آفتاب عالم تاب بن کر روشن ہوا، جس نے تھوڑے ہی عرصے میں دنیا کو نور ہدا یت سے منور کر دیا،مکہ کی خشک اور بے آب و گیاہ پہاڑیوں سے ایسی بے پایاں رحمت کے چشمے پھوٹے کہ تمام عالم سرسبز و شاداب ہوگیا۔
اس کتاب مبین نے انسان کے واسطے سعادت دارین کی تمام راہیں کھول کر اس کی قوت ِ نظریہ اور قوت عملیہ کی تکمیل کر دی، تہذیبِ اخلا ق، تدبیر منزل اور سیاست مدنیہ کے وہ علوم سکھائے کہ مسلمان دنیا کی تمام اقوام سے سبقت و برتری حاصل کر گئے ,,وللہ العزۃ و لرسولہ و للمؤمنین [سورۃ المنافقون] ِکا نقشہ دنیاکی نظروں کے سامنے آگیا، خطرات و مصائب کے گرداب میں پھنسے ہوئے حال میں ولا تھنوا ولا تحزنوا وانتم  الاعلون ان کنتم مؤمنین کا اعلان بشارت کفر وباطل کی طاغوتی طا قتوں کوپاش پاش کرنے والا ثابت ہوا، قیصر و کسریٰ کی وہ سلطنت جس نے جاہ و جلال اور عظمت و شوکت سے تمام دنیا کو مغلوب کرر کھا تھا، ذلیل و شرمندہ ہو کر مسلمانوں کے قدموں پر آ گری، کتاب الٰہی کی اس عظمت و برتری سے امیر المؤ منین عمر فاروق ؓ نے مسلمانوں کو برسر ممبر آ گاہ فرما دیا تھا: یاایھاالناس اما ان نبیکم قد قال ان اللہ یر فع بھٰذالکتاب اقواماو یضع بہ آ خرین۔
تقریب کاآغاز محمد شعبان متعلم مدرسہ نے کی جبکہ نعت کا نذرانہ محمد فیصل نے پیش کیا۔ نظامت کے فرائض حافظ معراج صدر مدرس مدرسہ ہٰذا نے انجام دیئے۔ اس موقع پر حافظ خلیل باندوی، مولانا شاداب قاسمی، حافظ انصار، قاری کامل فرقانی، حافظ نورالہدیٰ، محمد نسیم، محمد رسان وغیرہ موجود رہے۔ حافظ ہونے والے طالب علم محمد ولیدبن رئیس پورہ، محمد شعبان ولد محمد عرفان مرحوم گڑھا کو مبارک باد پیش کی گئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے