جماعت اسلامی ہندحلقہ کرناٹک کی سیرت مہم کے پروگرام ’’مکالمہ ‘‘سے مولانا محمد اقبال ملا کاخصوصی خطاب
بیدر۔ 6؍ستمبر (پریس نوٹ): جماعت اسلامی ہند کرناٹک کی ریاست گیر سیرت مہم ’’انصاف کے علمبردار پیغمبر محمد ﷺ‘‘ (3 تا 14 ستمبر 2025ء) کے پیش نظربید رمیں بھی کئی ایک پروگرام جوش وخروش سے انجام دئے جارہے ہیں۔ ایک پروگرام (بعنوان مکالمہ) دانشوران ملت ،اور برادران وطن کے پڑھے لکھے ، مذہبی ، سیاسی اورتعلیمی افراد(مردوخواتین) کے ساتھ ہوٹل بیدر گیٹ وے کے اجلاس ہال میں 4؍ستمبر کو منعقد ہوا۔ جس کی صدارت جناب محمد اقبال ملا صاحب رکن مرکزی مجلس شوریٰ جماعت اسلامی ہند نے کی۔
انھوں نے اپنے صدارتی خطاب میں کہاکہ حضرت محمدﷺ انصا ف کے علمبردار ہیں۔ وہ چھٹی صدی میں پید اہوئے۔ اس زمانے میںلڑکیوں کوزند ہ دفن کیاجاتاتھا۔ حضور ﷺ نے لڑکیوں کی پرورش پر جنت کی بشارت دی ۔اور انھیںدفن کرنے سے بچالیا۔ اس زمانے میں عربوں کے پاس انصاف کاپیمانہ محدود تھا۔ پیغمبر محمد ﷺنے انصاف کے اس محدوددائرے کو وسیع کیااور سب کے لئے انصاف فراہم کیا۔وہ جب عرب کے ذمہ دار بنے تو انھوں نے کسی بھی طبقہ، علاقہ اور مذہب تک انصاف کو محدود نہیں رکھا۔ وہ چوں کہ تمام انسانوں کے لئے رسول بناکر اللہ کی جانب سے بھیجے گئے تھے۔ لہٰذاانھوں نے لوگوں کی سوچ بدلی اور سبھی تک انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا۔ جناب ملا نے آگے کہاکہ ’’اگر ہم مل جل کربیٹھیں اور اس بات پر غور کریں کہ اس زندگی کے بعد بھی کوئی زندگی ہے یانہیں توپتہ چلے گا کہ اس زندگی کے بعدبھی ایک زندگی ہے اسی کی تیاری مطلوب ہے اس آنے والی کیلئے ہی دنیا میںصحیح علم وفکر کے ساتھ کام کرناہوگا۔
موصوف نے سورہ اخلاص کے ذریعہ خدا کے ایک ہونے کی گواہی پیش کی۔ اور رسول اورنبی کسے کہتے ہیں اس بار ے میں بات کی۔ اور بتایاکہ حضرت محمد ﷺ آخری رسول ہیں۔ وہاں کئے گئے کئی سوالات کے تشفی بخش جوابات اقبال ملا صاحب نے دئے۔ ڈاکٹر وجے شری باشٹی نے ہندی زبان میں حضور ﷺ کی زندگی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ حضرت محمد ﷺ نے ایک خداکی بات کہی اور ہرآدمی کو چاہیے کہ وہ زندگی میںانصاف قائم کرے۔ ضلع پنچایت کی سابق صدرمحترمہ گیتاپنڈت چدری نے بھی خطاب کیا اورکہاکہ ’’سب کامالک ایک ہے اور محمد ﷺ پیغمبر ہیں‘‘۔
جناب محمد معظم امیرمقامی نے استقبالیہ کلمات میں کہاکہ’’3ستمبر تا 14ستمبر‘‘کرناٹک گیر مہم بعنوان ’’ انصاف کے علمبردار حضرت محمدﷺ‘‘بیدر میں بھی منائی جارہی ہے۔ کئی ایک پروگرام 14؍ستمبر تک جاری رہیں گے۔ تمام سے تعاون کی درخواست کی۔ جناب محمد رفیق احمدسکریڑی سالیڈارٹی یوتھ موومنٹ کرناٹکانے کہاکہ ’’آن لائن گیم سے نقصان ہورہاہے ۔ جس میں بڑوں کے علاوہ نوجوان بھی شامل ہیں۔ اس گیم پر پابندی لگنی چاہیے‘‘ جناب شری کانت سوامی، محمد آصف الدین رکن شوریٰ JIHکرناٹک ،رام چندر گناپور ، ودیاوتی ہیرے مٹھ کے علاوہ جناب ویربھدرپا اُپن ،معاون امرائے مقامی محمدعارف الدین ، ڈاکٹر ارشاد نوید ،اورجناب محمد صلاح الدین پرنسپل نعمان فارمیسی کالج ،جناب محمد ظفراللہ جان، اوردیگرموجودتھے۔
پروگرام کاآغاز محمد طہٰ کلیم اللہ صدیقی کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ جس کاکنڑی ترجمہ جناب محمد سراج الدین نیلواڑکر نے پیش کیا۔’’مکالمہ ‘‘ کی اس تقریب کے کنوینر جناب محمد نظام الدین رہے ۔شکریہ پر تقریب اختتام کوپہنچی۔ برادر محمد احتشام صدر ایس آئی او اور ان کی ٹیم ، اسی طرح خواتین میں اسماء سلطانہ ناظمہ ،اور ضلعی ناظمہ توحیدہ سندھے اور ان کی ٹیم نے انتظامات کو حسن وخوبی انجام دیا۔ تمام شرکاء کے لئے عشائیہ کاانتظام کیاگیاتھا۔ ا س بات کی اطلاع انجینئر حافظ سید عتیق اللہ سکریڑی مقامی JIHبیدرو معاون میڈیاانچارج نے دی ہے۔
