بیدر۔ 7؍ستمبر (محمدیوسف رحیم بیدری): ریاست پنجاب میں سیلاب نے بے پناہ نقصانات، خاندانوں کی نقل مکانی اور ذریعہ معاش کو نقصان پہنچایا ہے، ہزاروں افراد کو خوراک، پینے کے صاف پانی، پناہ گاہ، طبی امداد اور بحالی کی امداد کی ضرورت ہے۔اس سلسلے میں ریاستی اقلیتی کمیشن کی رکن مندیپ کور نے وزیر اعلیٰ سدرامیا اور ریاستی اقلیتی بہبود کے وزیر ضمیر احمد خان کو ایک علیحدہ خط لکھ کر ریاستی حکومت سے درخواست کی ہے کہ وہ مصیبت کی اس گھڑی میں پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ لوگوں کو وزیر اعلیٰ ریلیف فنڈ اور ضروری مدد فراہم کرے۔ اس سے نہ صرف متاثرہ لوگوں کو اپنی زندگیوں کی تعمیر نو میں مدد ملے گی بلکہ ہماری قوم کی ریاستوں کے درمیان اتحاد، بھائی چارے اور سلامتی کے جذبے کو مضبوط کرنے میں بھی مدد ملے گی۔مندیپ کورنے آخر میں اس توقع کا اظہار کیاہے کہ اس انسانی درخواست پر وزیراعلیٰ غور کریں گے اور اپنے وژن اور تعاون سے اہل پنجاب کے مصیبت زدگان کو مدد فراہم کریں گے۔واضح رہے کہ محترمہ مندیپ کور کا تعلق بیدر سے ہے ۔ پہلی دفعہ سکھ طبقہ سے ریاستی اقلیتی کمیشن کی رکن نامزد کی گئی ہیں لیکن انھیں وزیراعلیٰ اور اقلیتی بہبود کے وزیر کو مکتوب لکھنے کے بجائے وہ فوری طورپر وزیراعلیٰ سدرامیااور اقلیتی بہبود کے وزیر ضمیراحمد خان سے مل کر یہ مکتوب ان کے حوالے کرتیں تو ایک مناسب اقدام ہوتا۔ لاکھوں کروڑوںروپئے کی امداد مکتوب کے ذریعہ سے ممکن نہیں ہوتی۔ بلکہ بیدر اور ریاست کے مختلف مقامات سے سکھ برادری دیگر اقلیتی برادریوں کے ایک وفد کو لے کر وزیراعلیٰ کے پاس پہنچناچاہیے۔
