لکھنؤ: ملک میںموجود وقف جائیدادوں کے تحفظ کے سلسلہ میں سماجی بیداری اور منتظمین اوقاف و متولیان کی عملی ٹریننگ کی غرض سے 12 اکتوبر بروز اتوار جامع مسجد منشی پلیا، اندرانگر میں جماعت اسلامی ہند شہر لکھنؤ اور مسلم ویلفیئر سوسائٹی کی جانب سے صبح ساڑھے دس بجے سے ورکشاپ کا اہتمام کیا گیا ہے۔ جس میں وقف کی شرعی حیثیت اور قانونی و عملی پہلوؤں پر رہنمائی کے علاوہ وقف بورڈ کے ذمہ داران کے ذریعہ امید پورٹل پر رجسٹریشن کے دوران آنے والی دشواریوں کا مناسب حل بتایا جائے گا۔
ناظم شہر جماعت اسلامی ہند ڈاکٹر امجد سعید فلاحی نے کہا کہ وقف املاک کے تعلق سے سپریم کورٹ کی گائڈ لائن کے مطابق امید پورٹل پر رجسٹریشن کی آخری تاریخ 5 دسمبر ہے۔ متولیان کو چاہئے کہ اس جانب خصوصی توجہ دیں، اور حکومت کی طرف سے دی گئی مدت کے اندر جملہ اوقاف کا رجسٹریشن امید پورٹل پر لازماً کرا دیں۔
ڈاکٹر امجد سعید نے لکھنؤ و اطراف کے متولیان سے اپیل کی ہے کہ اس پروگرام میں شرکت فرمائیں اور عملی رہنمائی حاصل کریں تاکہ متعینہ مدت میں جملہ اوقاف کا رجسٹریشن کرایا جا سکے۔
مذکورہ اطلاع جماعت اسلامی ہند شہر لکھنؤ کے شعبۂ میڈیا کی جانب سے جاری کردہ ایک پریس ریلیز میں دی گئی ہے۔
