سنت کبیر نگر: ہندوستان کے مشہور صوفی بزرگ اور جلیل القدر عالم ربانی خطیب البراہین،محی السنہ،عارف باللہ حضرت علامہ شاہ صوفی محمد نظام الدین قادری برکاتی رضوی محدث بستوی قدس سرہ  کا تیرہواں عرس مقدس آج 23/اکتوبر سے خانقاہ قادریہ برکاتیہ نظامیہ اگیا شریف میں نہایت تزک واحتشام کے ساتھ منعقد ہورہاہے۔
 حضرت صوفی محمد نظام الدین قادری برکاتی محدث بستوی قدس سرہ کی ولادت 15 جنوری 1928 کو موضع اگیا پوسٹ دو دھارا ضلع بستی(موجودہ سنت کبیر نگر)یوپی میں ہوئی۔ آپ بلند پایہ شیخ الحدیث، عمدہ صدر المدرسین، ماہر محدث وفقیہ، متعدد کتابوں کے مصنف، منفرد المثال خطیب، شیخ طریقت، مصلح امت اور استاذ الاساتذہ تھے۔ یکم جمادی الاولى 1434ھ کو نظامی منزل اگیا شریف میں وصال ہوا۔ مزار مبارک خانقاہ نظامیہ میں مرجع خلائق ہے۔ آپ کے تلامذہ سیکڑوں کی تعداد میں ملک و بیرون ملک میں دینی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ آپ کے مریدین، متوسلین لاکھوں کی تعداد میں ملک اور بیرون ممالک میں بڑی تعداد میں موجود ہیں ہر سال خانقاه قادریہ برکاتیہ نظامیہ اگیاشریف میں آپ کا سالانہ عرس پاک نہایت تزک و احتشام کے ساتھ منایا جاتا ہے جس میں ملک کے مختلف صوبوں سے عقیدت مند آتے ہیں اور خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
سجادہ نشین حبیب العلماء علامہ شاہ صوفی محمد حبيب الرحمن قادری،برکاتی،رضوی مصباحی کے فرزند اور انڈیا بزم نظامی کے جنرل سکریٹری مولانا ضیاء المصطفیٰ نظامی نے بتایا کہ 23/اکتوبر کو صبح فجر کی نماز کے بعد مزار شریف پر عرس پاک کی تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے شروع ہوگا۔ ظہر کی نماز کے بعد چادر پوشی اور گلپوشی کا سلسلہ شروع ہو کر شام تک جاری رہے گا۔ رات کو نماز عشاء کے بعد نظامی کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا۔ جس میں ملک کے مشاہیر علمائے کرام اور شعرائے اسلام شرکت کریں گے 24/اکتوبر کی صبح 8 بجے قل شریف اور دعاء پر عرس نظامی کا اختتام ہوگا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے