دارالعلوم احمدیہ برکاتیہ سوائچ پار کے کم عمر حافظِ قرآن محمد زید کی شاندار کامیابی
سوائچ پار/سنت کبیرنگر (پریس ریلیز): دارالعلوم احمدیہ برکاتیہ، سوائچ پار،دھرم سنگھوابازار، ضلع سنت کبیر نگر کے کم عمر طالبِ علم حافظ محمد زید سلمہ کی غیر معمولی قرآنی کامیابی پر مغربی راجستھان کی عظیم وممتاز اور علاقۂ تھار کی مرکزی دینی درسگاہ "دارالعلوم انوار مصطفیٰ سہلاؤ شریف”کے ناظم تعلیمات معروف عالم دین حضرت مولانا محمد شمیم احمد صاحب نوری مصباحی نے دلی مسرت و شادمانی کا اظہار کرتے ہوئے فرمایا کہ نہایت کم عمری میں محض چھ ماہ پندرہ دن کے مختصر عرصے میں قرآنِ مجید کا مکمل حفظ اللہ تعالیٰ کے خاص فضل، اس کے انتخاب اور بندۂ مؤمن پر اس کی خصوصی عنایت کی روشن دلیل ہے۔ یہ سعادت صرف ایک بچے کی نہیں بلکہ پورے ادارے، اساتذۂ کرام، والدین اور ملتِ اسلامیہ کے لیے باعثِ صد افتخار اور امید افزا پیغام ہے۔
مولانا نوری مصباحی نے اپنے بیان میں کہا کہ قرآنِ کریم کا حفظ محض الفاظ یاد کرلینے کا نام نہیں، بلکہ یہ بندۂ مؤمن پر ربِ کریم کی خاص نوازش ہے۔ انہوں نے حدیثِ نبوی ﷺ کا حوالہ دیتے ہوئے فرمایا:”تم میں سب سے بہتر وہ ہے جو قرآن سیکھے اور سکھائے۔”
کم عمری میں حفظِ قرآن کی سعادت اس بات کی واضح دلیل ہے کہ اللہ تعالیٰ نے اس بچے کو غیر معمولی ذہانت، پاکیزہ فطرت، نیک نیتی اور صالح ماحول عطا فرمایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حفاظِ قرآن امت کا قیمتی سرمایہ اور دینِ اسلام کے روشن چراغ ہوتے ہیں۔ یہ خوش نصیب بچے نہ صرف خود دنیا و آخرت کی کامیابیوں سے ہمکنار ہوتے ہیں بلکہ اپنے والدین، اساتذہ اور مربیوں کے لیے بھی ذریعۂ نجات بنتے ہیں۔ احادیثِ مبارکہ میں وارد ہے کہ قیامت کے دن حافظِ قرآن کے والدین کو ایسا نورانی تاج پہنایا جائے گا جس کی روشنی دنیا کی تمام روشنیوں سے کہیں زیادہ ہوگی۔
مولانا نے اس شاندار کامیابی کو اساتذۂ کرام کی مسلسل محنت، اخلاص اور تربیتی نگرانی کا عملی ثبوت قرار دیتے ہوئے بالخصوص حضرت حافظ و قاری عبدالعزیز صاحب وارثی کی صبر آزما کاوشوں اور شفقت آمیز رہنمائی کو سراہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ادارے کے بانی و سربراہ حضرت علامہ و مولانا اختر القادری صاحب دامت برکاتہم کی دور اندیش قیادت اور اس ادارہ کے ناظمِ تعلیمات حضرت علامہ و مولانا الحاج مفتی ساجد علی صاحب مصباحی حفظہ اللہ (استاذ و مفتی: جامعہ اشرفیہ مبارک پور) کی علمی نگرانی اس کامیابی میں سنگِ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔
بیان میں ادارے کے جملہ اساتذۂ کرام حضرت مولانا سلام الدین صاحب مصباحی،حضرت مولانا شاہد رضا صاحب مصباحی، حضرت حافظ و قاری اسرار احمد صاحب تنویری، ماسٹر محمد کلیم اور ماسٹر محمد سعید صاحبان اور تمام اراکین کو ان کے مثالی نظم و ضبط، اعلیٰ ڈسپلن اور مخلصانہ نگرانی پر دلی مبارکباد پیش کی گئی۔
مولانا محمد شمیم احمد نوری مصباحی نے اپنے ذاتی مشاہدے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ چند ماہ قبل ادارے کی حاضری کے موقع پر صاف و شفاف عمارت، منظم تعلیمی ماحول، اساتذہ و طلبہ کا خوشگوار اخلاق اور مضبوط نگرانی کا نظام دیکھ کر دل بے اختیار دعا پر آمادہ ہوگیا کہ اللہ تعالیٰ اس ادارے کو تا قیامت دینِ متین کا مضبوط قلعہ بنائے رکھے۔
آخر میں انہوں نے بارگاہِ الٰہی میں دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اپنے محبوب نبی کریم ﷺ کے صدقے حافظ محمد زید سلمہ کو قرآنِ کریم کا سچا خادم، عاملِ قرآن اور مبلغِ دین بنائے، علم و عمل، تقویٰ و اخلاص میں مزید بلندی عطا فرمائے،اور مزید علوم دینیہ کے حصول کی توفیق سعید بخشے- اساتذۂ کرام اور والدینِ کریمین کے درجات بلند فرمائے اور دارالعلوم احمدیہ برکاتیہ کو مزید عروج، استحکام اور قبولیتِ عامہ سے سرفراز کرے۔ آمین۔
