منااکھیلی۔14/جنوری (عبدالقدیر لشکری): چٹگوپہ تعلقہ کے تالمڑگی دیہات کے NH65ہائی وے کے پل کے قریب بائک چلاتے ہوئے ایک شخص کے پتنگ کے مانجھے سے گلاکٹ جانے کادردناک حادثہ پیش آیا۔جس میں اس بے قصور شخص کی موت واقع ہوگئی۔ متوفی بیدر تعلقہ کے بمبڑگی دیہات سے بتائے جارہے ہیں، ہلاک ہونے والے کا نام سنجوکمار گنڈپا ہوسامنی(49)سالہ ہے ۔ چٹگوپہ تحصیلدار منجوناتھ پنچاڑ نے پچھلے دنوں ایک میٹنگ منعقد کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ پورے چٹگوپہ تعلقہ میں پتنگ کی تار (مانجھا) کی فروخت پر پابندی ہے۔ لیکن پھر بھی قانون کی پروانہ کرتے ہوئے اس طرح کے قاتل مانجھے کا استعمال کیاگیا ہے ۔آنے والے دنوں میں تعلقہ کے افسران کی جانب سے کیا کارروائی کی جاتی ہے، دیکھناہوگا۔متوفی کے بھائی انیل کمار ولد گنڈپا (44سالہ) نے اس تعلق سے پولیس میں شکایت کی ۔ اور جس موٹرسائیکل پر سنجیوکمار سوارتھے اس کانمبر KA38Q-2184بتایاجارہاہے۔ ایف آئی آرنمبر 04/2026ہے اور بی این ایس کی دفعات 281اور 106(1)لگائی گئی ہیں۔ منااکھیلی پولیس اسٹیشن کے پی ایس آئی کاکہناتھاکہ جب ہم جائے وقوع پر پہنچے تو وہاں پتنگ کی کوئی تار(مانجھا) نہیں تھی۔ ہم واقعے کی مناسب تحقیقات کر رہے ہیں۔
