"یوم جمہوریہ ہمیں آئین ہند کی اہمیت، انصاف، مساوات، اخوت اور باہمی احترام کا درس دیتا ہے”: مولانا حامد عبدالمنان سلفی
26 جنوری 2026ء بروز سوموار: یوم جمہوریہ کے حسین موقع پر کلیہ امام ابن قیم الدار السلفیہ، کولہوئی بازار، مہراج گنج، یوپی کے گراؤنڈ میں یوم جمہوریہ نہایت وقار اور نظم و ضبط کے ساتھ منایا گیا۔
اس باوقار تقریب کی صدارت کلیہ امام ابن قیم، کولہوئی بازار کے ناظم اعلی، اقراء انٹر کالج ببھنی کے پرنسپل اور جمعیت اہل حدیث ضلع مہراج گنج کے ناظم اعلی مولانا عبدالرؤف اثری نے فرمائی، جب کہ نظامت کے فرائض مولانا سلمان احمد عالیاوی نے خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دیا۔
تقریب کا آغاز صبح دس بجے کلیہ کے ناظم اعلی مولانا عبدالرؤف اثری، ڈاکٹر شفیق احمد خان اور اقبال خان جیسی معزز شخصیات کے ہاتھوں پرچم کشائی سے ہوا جس کے بعد قومی ترانہ پڑھا گیا۔
بعد ازاں ناظم کلیہ کا صدارتی و کلیدی خطاب ہوا، جس میں انہوں نے یوم جمہوریہ کی تاریخی اہمیت، آئین ہند کی افادیت اور ذمہ دار شہری بننے کی ضرورت پر نہایت قیمتی نکات پیش کیے اور حاضرین کو بیداریِ فکر کا پیغام دیا۔
اس موقع پر کلیہ کے تقریباً بیس طلبہ نے تلاوت کلام پاک، حمد و نعت، جمہوری نغمات، اردو، ہندی اور انگریزی زبان میں تقریریں پیش کرکے اپنی علمی و فکری صلاحیتوں کا بھر پور مظاہرہ کیا۔
یوم جمہوریہ کے اس خوب صورت موقع پر کلیہ کے استاذ مولانا حامد عبدالمنان سلفی نے نہایت پر اثر، جامع اور فکر انگیز خطاب فرمایا اور آزادی کی جدوجہد کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس ملک کی آزادی میں ہر طبقے کی قربانیاں شامل ہیں، بالخصوص مسلمانوں کی قربانیاں تاریخ کا روشن باب ہے، ہمیں ان قربانیوں کی قدر کرتے ہوئے آئین کی حفاظت کرنی چاہیے۔ مولانا نے زور دے کر کہا کہ فرقہ واریت، نفرت اور انتشار نہ صرف ملکی وحدت کے لیے نقصان دہ ہیں بلکہ دینی تعلیمات کے بھی سراسر منافی ہیں۔ اسلام ہمیں جوڑنے، سنوارنے اور اصلاح کرنے کا پیغام دیتا ہے، لہذا ہمیں اسی راستے پر چلنا چاہیے۔
مولانا نے مزید فرمایا کہ آئینِ ہند نے تمام شہریوں کو مذہبی آزادی، مساوات اور انسانی وقار کا حق دیا ہے اس لیے آپ ایک اچھے شہری بن کر ملک و ملت کی خدمت کریں اور تعلیم کے ساتھ ساتھ اخلاق و کردار کو بھی اپنی زندگی کا لازمی حصہ بنائیں۔
موصوف کے خطاب کے بعد صدر مدرس مولانا صغیر احمد سلفی نے نہایت والہانہ اور پر مغز خطاب فرمایا بعدہ مولانا احسان سلفی نے طلبہ سے پانچ معلوماتی سوالات کیے، جن کے درست جواب دینے والے طلبہ کو حوصلہ افزائی کے طور پر فی طالب علم ایک سو روپے بطور انعام عطا کیے گئے۔
اس موقع پر کلیہ کے تمام اساتذۂ کرام: مولانا ابوالکلام قاسمی، مولانا ابو الکلام احمد ربانی، مولانا حامد عبدالمنان سلفی، مولانا صغیر احمد سلفی، مولانا سلمان احمد عالیاوی، مولانا عبدالرحمن عالیاوی، مولانا عبدالمنان فیضی، مولانا جاوید احمد سراجی، حافظ عبدالرحيم زیدی، حافظ سمیع اللہ جامعی، ماسٹر زبیر اطہر، ماسٹر شعیب اطہر، ماسٹر افضال احمد وغیرہ موجود رہے۔
نیز قرب و جوار کی سرکردہ اور معزز شخصیات میں ڈاکٹر شفیق احمد خان، اقبال خان، مولانا احسان سلفی، ڈائنامائیٹ کے اخباری رپورٹر عمران خان، ارشاد خان، اسلم خان، مولانا نور محمد، ہاشم رضا، ڈاکٹر شمشاد، نیتا شجاع الدین، واجد علی، شاذ صاحب، محمد قاسم، آصف صاحب اور عارف صاحب نے شرکت کرکے تقریب کی رونق میں اضافہ کیا۔
آخر میں دعا کے ساتھ پروگرام کا اختتام ہوا اور ملک عزیز کی ترقی، امن و اتحاد کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
