حیدرآباد 3/فروری(مشرقی آواز جدید): مدرسہ صفۃ المسلمین، ناچارم ولیج، حیدرآباد، تلنگانہ کا 14واں عظیم الشان اجلاسِ عام بعنوان فضائلِ قرآن و دستاربندی حفاظِ اکرام نہایت ہی روح پرور اور ایمان افروز ماحول میں منعقد ہوا۔ یہ دینی ادارہ گزشتہ کئی برسوں سے حفظِ قرآن، تعلیم و تربیت اور اصلاحِ معاشرہ کے میدان میں نمایاں خدمات انجام دے رہا ہے۔

اجلاس کی صدارت مفتی محمد شمیم آزاد قاسمی صاحب، شیخ الحدیث دارالعلوم سبیل السلام، حیدرآباد نے فرمائی، جبکہ مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے جانشینِ پاسبانِ ملت و جنرل سیکرٹری جمعیۃ علماء تلنگانہ حضرت حافظ پیر خلیق احمد صابر صاحب دامت برکاتہم نے خصوصی خطاب کیا۔ اجلاس زیرِ نگرانی الحاج محمد شمیم صاحب، حسن نگر منعقد ہوا۔

مقررینِ کرام نے قرآنِ مجید کی عظمت، حفاظِ کرام کے مقام و مرتبہ اور دینی مدارس کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ شعری و نعتیہ کلام نے محفل میں روحانیت کی فضا قائم کی۔

اس موقع پر اعلان کیا گیا کہ اس سال 13 طلبہ نے حفظِ قرآن کی سعادت حاصل کی جبکہ مدرسہ صفۃ المسلمین سے اب تک کل 134 طلبہ حفاظِ قرآن بن چکے ہیں، جو ادارہ کی مسلسل محنت اور مخلصانہ خدمات کا روشن ثبوت ہے۔

ذمہ دارانِ مدرسہ نے عوامِ مسلمین اور اہلِ خیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی جانی و مالی قربانیوں کے بغیر قرآن کے یہ چراغ روشن نہ ہو سکتے تھے۔واضح رھےکہ اس جلسہ میں مولانا حافظ پیر شبیر احمد صاحب مرحوم کی نمایاں خدمات کو خراج تحسین بھی پیش کیا گیا۔

آخر میں ناظمِ مدرسہ مولانا محمد محمود الحسن سبیلی نے تمام معزز علماء کرام، مہمانانِ گرامی، معاونین اور شرکاءِ اجلاس کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ صدرِ اجلاس کی دعا پر یہ روحانی اجتماع اختتام کو پہنچا۔۔۔۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے