منزلیں ان ہی کی ہیں جن کے عزم پختہ ہیں
کامیاب لوگوں کا بس یہی حوالہ ہے
عبدالرحمن راشد عمری

رپورٹ: عبدالرحمن راشد عمری
جمعہ کی شب مکتب جالیات بدیعہ، ریاض، سعودی عرب کے وسیع و عریض ہال میں دین رحمت کانفرنس کا انعقاد عمل میں آیا جس کی صدارت ڈاکٹر عبدالباری فتح اللہ مدنی حفظہ اللہ نے فرمائی جب کہ نظامت کے فرائض محترم مظفر حسین مدنی حفظہ اللہ نے نہایت حسن و خوبی کے ساتھ انجام دیے۔
اس موقع پر رابطہ کمیٹی اردو جالیات، ریاض، سعودی عرب کے اہم ذمہ دار محترم جلال بن نثار احمد اور ان کے رفقا نے ڈاکٹر زبیر احمد اسداللہ سلفی حفظہ اللہ کو جامعہ الملک سعود سے ڈاکٹریٹ کی اعلی ڈگری حاصل کرنے پر یادگاری شیلڈ پیش کرکے ان کی علمی کامیابی کا اعتراف کیا۔
قابلِ ذکر ہے کہ ڈاکٹر زبیر احمد اسداللہ سلفی نیپال کے پہلے خوش نصیب اور ہونہار فرزند ہیں جنہوں نے کنگ سعود یونی ورسٹی سے ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کرنے کا اعزاز اپنے نام کیا ہے۔ بلاشبہ یہ انفرادی کامیابی کے ساتھ پوری قوم کے لیے بھی باعثِ افتخار ہے۔
ڈاکٹر صاحب کا شمار ان عبقری اور قدآور شخصیات میں ہوتا ہے جن پر قوم ، سماج اور اہل علم بجا طور پر ناز کرتے ہیں۔ آپ جہاں ایک فعال ، متحرک اور مخلص داعی ہیں ، وہیں ایک بہترین قلم کار اور کہنہ مشق انشا پرداز بھی ہیں۔ آپ کے مزاج میں دینی بصیرت اور فکری پختگی کوٹ کوٹ کر بھری ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ آپ کی مہمان نوازی ، خوش اخلاقی اور کردار کی بلندی کا ہر شخص معترف ہے-
اس سے قبل 30 اکتوبر 2026ء کو جالیات صناعیہ قدیمہ، ریاض کے زیر اہتمام بھی ڈاکٹر زبیر احمد اسداللہ سلفی حفظہ اللہ کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت عزت مآب ڈاکٹر محمد اسحاق مدنی حفظہ اللہ نے فرمائی۔ واضح رہے کہ ڈاکٹر محمد اسحاق مدنی، ڈاکٹر زبیر احمد کے مقالۂ ڈاکٹریٹ کے مناقشے میں بھی ممتحن کی حیثیت سے شریک تھے۔
شیخ منصور احمد مدنی حفظہ اللہ نے نہایت خوب صورت اور دل نشیں انداز میں پروگرام کی نظامت کے فرائض ابتدا سے اختتام تک انجام دیے۔
اس تقریب کی ایک نمایاں خصوصیت یہ رہی کہ ڈاکٹر زبیر احمد اسداللہ کو جمعیت اہلِ حدیث (ہند) ، ریاض کی جانب سے تکریمی تمغہ پیش کیا گیا۔ اس موقع پر شہرِ ریاض کے علما، فضلا اور شعرا نے ڈاکٹر صاحب کی علمی ، دعوتی ، سماجی اور رفاہی خدمات کو بھرپور انداز میں خراج تحسین پیش کیا۔ اس سلسلے میں محمد فرقان مدنی ، انعام الحق مبارکپوری ، اکبر شمس الدین، ڈاکٹر نعیم الحق ، عبدالحکیم مدنی ، محمد مرتضیٰ عبدالسلام ، حسان ابوالمکرم ، محمد عمر صلاح الدین اور راقم الحروف عبدالرحمن راشد عمری حفظہم اللہ کے اسمائے گرامی خصوصیت سے قابل ذکر ہیں۔
ڈاکٹر زبیر احمد نے تمام شرکا اور منتظمین کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر آپ نے جامعہ سلفیہ ، بنارس سے جامعہ الملک سعود تک کے اپنے علمی و تعلیمی سفر کی داستان نہایت جامع اور مؤثر انداز میں پیش کی جو عزم و حوصلے ، ہمت و استقلال ، لگن اور جہد مسلسل کی ایک روشن مثال ہے۔ آپ کی گفتگو سامعین کے لیے نہایت یادگار ثابت ہوئی اور اس کے انمٹ نقوش ان کے دلوں پر ثبت ہوگئے۔
آخر میں صدر مجلس ڈاکٹر محمد اسحاق مدنی حفظہ اللہ نے صدارتی کلمات پیش کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ہمیں علمی اور دعوتی میدان میں پیش پیش رہنا چاہیے اور اپنے حصے کی شمع روشن کرتے رہنا چاہیے۔ آپ نے علم حدیث کی اہمیت نیز اس کی تخریج و تحقیق کے میدان میں مزید پیش رفت کی ضرورت پر بھی خصوصی توجہ دلائی۔
آخرکار پرتکلف عشائیے کے ساتھ اس پروقار تقریب کا اختتام ہوا اور ڈاکٹر زبیر احمد اسداللہ حفظہ اللہ کی علمی و دعوتی خدمات کو مزید خراج تحسین پیش کیا گیا-
بلندیاں ترے قدموں تلے قیام کریں
فلک سے جھک کے ستارے تجھے سلام کریں
قدم قدم پہ خوشی تیرا انتظار کرے
یہ صبحیں اپنا تبسم بھی تیرے نام کریں
(ہدایت اللہ خان شمسی)
