کرواول خورد (سدھارتھ نگر): گزشتہ کل بروز جمعہ کرواول خورد میں اصلاحِ معاشرہ کے عنوان سے ایک شاندار، باوقار اور اصلاحی جلسۂ عام منعقد ہوا، جو زیرِ سرپرستی حضرت مولانا محمد حنیف صاحب مفتاحی، بانی مدرسہ دارالعلوم دھندھرا، سدھارتھ نگر اور نائب سرپرست حضرت مولانا ابوالکلام آزاد ندوی چیف ایڈیٹر سہ ماہی مجلہ البلاغ مہراج گنج اور زیرِ صدارت حضرت مولانا نجیب اللہ قاسمی، مہتمم مدرسہ دارالعلوم دھندھرا سنگرہاں منعقد کیا گیا۔
جلسہ کے مہمانِ خصوصی حضرت مولانا محی الدین صاحب ندوی قاسمی، جنرل سکریٹری جمعیت علماء مہراج گنج، اور حضرت مولانا مفتی سعید صاحب قاسمی، استاذِ حدیث و فقہ دارالعلوم فیض محمدی تھے۔
اس موقع پر حضرت مولانا مفتی سعید صاحب قاسمی نے “لَئِنْ شَكَرْتُمْ لَأَزِيدَنَّكُمْ” کے عنوان پر بصیرت افروز خطاب کرتے ہوئے شکرگزاری کی اہمیت، اس کے دینی فوائد اور معاشرتی اثرات پر مدلل گفتگو کی۔
وہیں حضرت مولانا محی الدین صاحب ندوی قاسمی نے اصلاحِ معاشرہ کے عنوان پر خطاب کرتے ہوئے بالخصوص اولاد کی دینی، اخلاقی اور سماجی تربیت پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور والدین کو اپنی اہم ذمہ داریوں کا احساس دلایا۔
اسی دوران حضرت مولانا مصطفیٰ صاحب کے پوتے محمد قاسم ابن مولانا نجم الدین صاحب قاسمی (قاسمی پرنٹنگ پریس، لوٹن سدھارتھ نگر) نے موبائل فون کے نقصانات کے عنوان پر مختصر مگر جامع اور فکر انگیز تقریر پیش کی، جسے حاضرین نے نہایت توجہ سے سنا اور سراہا۔
جلسہ کا آغاز قاری افتخار احمد فرقانی کی پُرسوز تلاوتِ قرآنِ کریم سے ہوا، جبکہ نعتِ رسول ﷺ حضرت مولانا صدر عالم صاحب ندوی نے پیش کی۔ جلسہ کی نظامت کے فرائض حضرت مولانا تسلیم یعقوبی نے نہایت خوش اسلوبی سے انجام دیے۔
اس جلسہ میں حافظ سمیع اللہ (امام مسجد بلال اجگرہاں، مہراج گنج)، مولانا نجم الدین صاحب قاسمی (قاسمی پرنٹنگ پریس لوٹن سدھارتھ نگر)، تاج محمد، مولانا شمس الدین صاحب قاسمی، حافظ عین اللہ صاحب، مولانا اختر اشاعتی سمیت قرب و جوار کے علاقوں سے آئے ہوئے علماء، معززین اور عوام الناس کی ایک جمِ غفیر نے شرکت کی اور جلسہ کو کامیاب بنایا۔
