چرہ محمد پور / فیض آباد (پریس ریلیز): ملک کی ممتاز و معروف دینی درسگاہ دارالعلوم نورالحق چرہ محمد پور، فیض آباد کا سالانہ اور نہایت باوقار جشنِ دستارِ فضیلت ان شاء اللہ العزیز 11 فروری 2026ء، بروز بدھ، بعد نمازِ عشاء دارالعلوم کے وسیع و عریض میدان وادیٔ نور میں انتہائی تزک و احتشام، علمی شان و شوکت اور روحانی ماحول کے ساتھ منعقد ہونے جا رہا ہے۔ اس عظیم الشان اور بابرکت تقریب کی تیاریوں کے سلسلے میں منتظمین اور اجلاس کے ذمہ داران شب و روز سرگرمِ عمل ہیں اور جشن کو کامیاب، یادگار اور تاریخی بنانے کے لیے ہر ممکن کوششیں بروئے کار لائی جا رہی ہیں۔
الحمد للہ! اس سعید موقع پر دارالعلوم نورالحق کے مختلف شعبہ جات سے فراغت حاصل کرنے والے متعدد خوش نصیب طلبہ کی بافیض مشائخِ اہلسنت، معزز و نامور علماءِ کرام اور اساتذۂ ذوی الاحترام کے دستہائے مبارک سے دستاربندی عمل میں آئے گی، نیز دارالعلوم کی جانب سے انہیں اسنادِ فراغت سے بھی سرفراز کیا جائے گا، جو ان کے علمی سفر کا ایک اہم اور یادگار سنگِ میل ہوگا۔
جشنِ دستارِ فضیلت کے موقع پر ملک کے نامور علماءِ اہلسنت کے علمی، فکری اور اصلاحی خطابات کے ساتھ ساتھ شعرائے اسلام کے پُرسوز اور دل نشیں نعتیہ کلام سے محفل کو چار چاند لگیں گے، جس سے سامعین کے قلوب و اذہان منور اور ایمانی کیفیت سے سرشار ہوں گے۔ اس موقع پر اہلِ علاقہ، محبانِ علم و دین اور دارالعلوم سے قلبی وابستگی رکھنے والے حضرات سے پُرزور اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس بابرکت اور ایمان افروز تقریب میں بھرپور شرکت فرما کر دارالعلوم سے اپنی عقیدت و وابستگی کا عملی مظاہرہ کریں اور اجلاس کو کامیابی سے ہمکنار کریں۔
یہ امر بھی قابلِ ذکر ہے کہ دارالعلوم نورالحق چرہ محمد پور نہ صرف اپنے تابناک ماضی پر بجا طور پر فخر کرتا ہے بلکہ حال میں بھی پوری دیانت، سنجیدگی اور ذمہ داری کے ساتھ اپنے تعلیمی و تربیتی فرائض انجام دے رہا ہے، اور مستقبل کے لیے ایسے باصلاحیت، باکردار اور صاحبِ علم افراد کی جماعت تیار کر رہا ہے جن میں علماء، فقہاء، فضلاء، ادباء، شعراء، خطباء، حفاظ و قرّاء، مدرسین، محققین، مصنفین و مؤلفین کے ساتھ ساتھ محبِ وطن اور باعمل شہری شامل ہیں۔ ان کی علمی و عملی خدمات سے جہاں ایک جانب دین و سنیت کو فروغ حاصل ہو رہا ہے تو دوسری جانب برادرانِ وطن بھی متاثر و مستفید ہو رہے ہیں۔
جشنِ دستارِ فضیلت سے متعلق مزید تفصیلات کے لیے شائع شدہ پوسٹر ملاحظہ کرنے اور اس روحانی و علمی تقریب میں شرکت کی عام دعوت دی جاتی ہے۔
شرکائے اجلاس کی آمد پر دلی استقبال اور پُرتپاک خیرمقدم کیا جائے گا۔
مذکورہ اطلاع دارالعلوم نورالحق چرہ محمد پور، فیض آباد، ضلع ایودھیا کے صدرِ شعبۂ حفظ، استاذُالحفاظ والقرّاء حضرت قاری رئیس احمد خان صاحب نے پریس ریلیز کے ذریعہ دی۔
