خصوصی رپورٹ: مقیم الدین مدنی
لکھنؤ، (20 اپریل 2026): ریاست میں پڑ رہی شدید گرمی اور ہیٹ ویو کو دیکھتے ہوئے اتر پردیش مدرسہ تعلیم کونسل نے بڑا فیصلہ لیا ہے۔ طلبہ اور اساتذہ کی صحت کو ترجیح دیتے ہوئے مدارس میں تدریسی اوقات میں تبدیلی کر دی گئی ہے۔
کونسل کی جانب سے جاری حکم کے مطابق اب ریاست کے تمام مدارس میں کلاسیں صبح 07:00 بجے سے دوپہر 12:30 بجے تک چلیں گی۔ اس سے پہلے یہ وقت صبح 08:00 بجے سے دوپہر 02:00 بجے تک مقرر تھا۔
رجسٹرار/انسپکٹر انجنا سروہی کی جانب سے جاری خط میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ موجودہ شدید ہیٹ ویو کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے لیا گیا ہے، تاکہ طلبہ اور اساتذہ کو سخت گرمی سے راحت مل سکے۔
یہ حکم فوری طور پر نافذ کر دیا گیا ہے اور اگلے حکم تک مؤثر رہے گا۔ ساتھ ہی تمام ضلع اقلیتی بہبود افسران اور نائب ہدایت کاروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں کے تمام مدارس کے نظماء اور پرنسپل حضرات کو اس حکم سے آگاہ کریں اور اس پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔
مدرسہ تعلیم کے اس فیصلے کو والدین اور اساتذہ کے درمیان ایک راحت بخش قدم مانا جا رہا ہے، کیونکہ حالیہ دنوں میں درجہ حرارت میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔

