نلگنڈہ 25/ مئی(مشرقی آواز جدید): ضلع نلگنڈہ کے تپرتی منڈل میں جمعیت علماء کے زیرِ اہتمام موسمِ گرما کی تعطیلات کے موقع پر مختلف مقامات پر دینی، اخلاقی اور اصلاحی گرمائی سمر کیمپوں کا کامیاب انعقاد عمل میں آیا۔ یہ کیمپ صدر جمعیت علماء تلنگانہ مولانا شاہ سید احسان الدین رشادی و قاسمی و ناظم مدرسہ دارالعلوم نلگنڈہ کی ہدایت پر مولانا اکبر خان اسعدی کی سرپرستی اور صدر جمعیت علماء تپرتی مفتی صہیب اسعدی کی نگرانی میں منعقد کیے گئے۔ ان کیمپوں کا مقصد نئی نسل کو دینی تعلیمات سے روشناس کرانا، اسلامی اقدار سے وابستہ کرنا اور ان کی اخلاقی و عملی تربیت کو فروغ دینا تھا۔
تفصیلات کے مطابق تپر رتی منڈل کے مختلف دیہات اور علاقوں ککڑم، ماڈ گولہ پلی، انڈلور، قاضی رامارم، امام پیٹ سمیت دیگر مقامات پر ان سمر کیمپوں کا انعقاد کیا گیا، جن میں مجموعی طور پر تقریباً 170 طلبہ و طالبات نے بھرپور شرکت کی۔ بچوں اور بچیوں کے لیے علیحدہ علیحدہ تربیتی نشستوں کا اہتمام کیا گیا جہاں انہیں قرآنِ کریم کی بنیادی تعلیم، ناظرہ، ضروری دینی مسائل، روزمرہ کی دعائیں، اسلامی آداب، اخلاقیات اور سیرتِ نبویؐ کے اہم اسباق سکھائے گئے۔
کیمپوں کے دوران ماہر اساتذہ اور علمائے کرام نے طلبہ کو نہ صرف دینی معلومات فراہم کیں بلکہ عملی زندگی میں اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کی ترغیب بھی دی۔ اصلاحی بیانات، تربیتی نشستوں اور سوال و جواب کے پروگراموں کے ذریعے بچوں کے اندر دینی شعور بیدار کرنے کی کوشش کی گئی۔ اساتذہ نے طلبہ کو نماز کی پابندی، والدین کے احترام، سچائی، صفائی، حسنِ اخلاق اور معاشرتی ذمہ داریوں کے متعلق بھی رہنمائی فراہم کی۔
سمر کیمپ کے اختتامی اجلاس کا انعقاد نہایت روح پرور ماحول میں عمل میں آیا جس میں طلبہ و طالبات، والدین، اساتذہ اور مقامی ذمہ داران نے شرکت کی۔ اس موقع پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ و طالبات میں انعامات اور اسناد تقسیم کی گئیں تاکہ ان کی حوصلہ افزائی ہو اور وہ مزید شوق و ذوق کے ساتھ دینی تعلیم حاصل کریں۔
اختتامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا اکبر خان اسعدی نے کہا کہ موجودہ پُرفتن اور مادہ پرستانہ دور میں بچوں کی دینی و اخلاقی تربیت وقت کی اہم ترین ضرورت بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر نئی نسل کو بچپن ہی سے قرآن و سنت کی تعلیمات سے جوڑ دیا جائے تو معاشرہ بے راہ روی، اخلاقی گراوٹ اور سماجی برائیوں سے محفوظ رہ سکتا ہے۔
مولانا نے والدین کو مخاطب کرتے ہوئے زور دیا کہ وہ اپنی اولاد کو صرف عصری تعلیم تک محدود نہ رکھیں بلکہ دینی تعلیم سے بھی وابستہ کریں تاکہ بچے دین و دنیا دونوں میدانوں میں کامیاب ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء ہمیشہ ملت کے تعلیمی، دینی اور اصلاحی میدان میں سرگرم عمل رہی ہے اور ایسے تربیتی کیمپوں کا بنیادی مقصد نئی نسل کے ایمان و اخلاق کی حفاظت اور انہیں ایک باکردار مسلمان بنانا ہے۔
مولانا اکبر خان اسعدی نے اپنے خطاب میں صدر جمعیت علماء تپرتی مفتی صہیب اسعدی کی خدمات کو خصوصی طور پر سراہتے ہوئے کہا کہ شدید دھوپ اور گرمی کے باوجود مفتی صہیب اسعدی مختلف دیہاتوں کا مسلسل دورہ کرتے رہے اور ان مکاتب و سمر کیمپوں کی نگرانی اور فکر میں مصروف رہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی نسل کی دینی تربیت کے لیے ان کی یہ جدوجہد قابلِ قدر اور لائقِ تحسین ہے۔ مولانا نے کہا کہ ہم جمعیت علماء کی جانب سے مفتی صہیب اسعدی صاحب کی محنت، اخلاص اور قربانی کے جذبہ کو سلام پیش کرتے ہیں، اور دعا کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ ان کی دینی خدمات کو قبول فرمائے اور مزید استقامت عطا کرے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج کے دور میں موبائل، سوشل میڈیا اور بے مقصد مصروفیات نے بچوں کی توجہ کو متاثر کیا ہے، ایسے میں ضروری ہے کہ والدین اور سماجی ادارے مل کر بچوں کی صحیح رہنمائی کریں اور ان کے لیے دینی ماحول فراہم کریں۔ انہوں نے کیمپ کے اساتذہ، منتظمین اور معاونین کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی محنت اور اخلاص کے نتیجہ میں یہ کیمپ کامیابی سے ہمکنار ہوئے۔
پروگرام کے اختتام پر طلبہ، اساتذہ، منتظمین اور معاونین کے لیے خصوصی دعا کی گئی اور ملتِ اسلامیہ کے اتحاد، امن و سلامتی اور نئی نسل کی دینی حفاظت کے لیے اللہ تعالیٰ کے حضور دعائیں مانگی گئیں۔ اجلاس دعا کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔
پروگرام میں حافظ سید قرقان سیکریٹری جمعیت علماء ضلع نلگنڈہ، مفتی محمد عمر قاسمی جنرل سکریٹری جمعیت علماء مریال گوڑہ کے علاوہ بابر، مولانا فیصل اسعدی، حافظ نواز، حافظ نور الدین، مولوی زکریا الیاس پاشاہ اور دیگر ذمہ داران و معزز شخصیات موجود رہیں۔۔۔۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے